QR CodeQR Code

ہفتہ عشق رسول ۖ کی مکمل حمایت کرتے ہیں

پی ڈی ایم کیجانب سے گلگت بلتستان صوبہ کی مخالفت بھارتی موقف کی تائید ہے، علامہ ناصر عباس

فرانسیسی صدر نے دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات و احساسات کی توہین کی ہے

30 Oct 2020 00:36

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جبری گمشدگی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرب امارات کے یہود و نصاریٰ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ان ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی صدر نے دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات و احساسات کی توہین کی ہے۔ امت مسلمہ کے ہر فورم سے اس گستاخی کا مناسب جواب جانا چاہیئے۔ پاکستانی حکومت فرانس کی مصنوعات کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرے۔ ایک طرف آزادی اظہار کے نام امت مسلمہ کے مقدسات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب ہولو کاسٹ پر بات کرنے کی اجازت نہیں۔ عالمی اسکتباری طاقتوں کا یہ دوہرا معیار ناقابل قبول ہے۔ بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان پہنچا کر عالم اسلام کے خلاف شدت پسندی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جو عالمی امن کو تہس نہس کر دے گا۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہفتہ عشق رسول ۖ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ مسلمانوں کے درمیان وحدت، بصیرت اور بیداری کے لیے عملاََ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ میلادالنبی کے موقع پر تمام مسلمانوں کو گھروں سے نکل کر عشق رسول ۖ کا مظاہرہ اقوام عالم کو یہ باور کرائے گا کہ ختمی مرتبت حضرت محمد ۖ کی ذات مقدسہ ہمیں اپنی جان، اولاد اور مال سب سے زیادہ عزیز ہے۔ اسلام دشمن طاقتیں اسلام کے خلاف اپنے گھنائونے عزائم  ترک کریں۔ 4 نومبر کو مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسلام آباد میں ''رحمت اللعالمین وحدت کانفرنس'' کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں نامور مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔ یہ کانفرنس ان طاقتوں کے خلاف توانا آواز ثابت ہوگی، جو اتحاد بین المسالک کو نقصان اور مذہبی منافرت کے پرچار کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا آئینی حقوق کا حصول گلگت بلتستان کے عوام کا حق ہے۔ انہیں اس سے محروم رکھنا زیادتی ہے۔ جی بی کے عوام نے پاکستان کے ساتھ اپنا الحاق زور بازو پر کیا، موجودہ حکومت نے جی بی کو صوبہ بنانے کا اعلان کی، جس کی مخالفت بھارت کی جانب سے یقینی امر تھا، لیکن پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے جلسوں میں جی بی کے عوام کی امنگوں کے خلاف ہرزہ سرائی بھارتی موقف کی حمایت ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام اس توہین پر شدید برہم ہیں۔ گلگت بلتستان کا الیکشن ان سیاسی جماعتوں کو مکمل طور پر رد کرے گا، جو آئینی صوبے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ معدنی وسائل سے مالا مال اس خطے کے عوام کی خوشحالی کے لیے بلاتاخیر ضروری اقدامات کیے جانے چاہیئے۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جبری گمشدگی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب امارات کے یہود و نصاریٰ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ان ظالمانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ گمشدہ پاکستانیوں کی بازیابی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی مکمل روک تھام کے لیے سفارتی سطح پر موثر اور نتیجہ خیز کوششیں کرے۔ انہوں نے پشاور مدرسے میں دھماکے کو بدترین درندگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔ قرآن سیکھنے والے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا ایک غیر انسانی فعل ہے۔ وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے میں بھارت اور دیگر دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے۔ وطن عزیز ہمارا گھر ہے جسے محفوظ بنانے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کو مضبوط کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 894834

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894834/پی-ڈی-ایم-کیجانب-سے-گلگت-بلتستان-صوبہ-کی-مخالفت-بھارتی-موقف-تائید-ہے-علامہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org