0
Friday 30 Oct 2020 11:44
کوشش ہے ریاست مدینہ کے تصور سے مکمل رہنمائی حاصل کریں، عمران خان

جشن ولادت رسول ﷺ، صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

جشن ولادت رسول ﷺ، صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ آقائے دو جہاں، رحمت اللعالمین ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی ہے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ نماز فجر کے بعد فضا میں درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہیں۔

ملک بھر میں ہر سو سبز جھنڈوں کی بہار ہے۔ شہر شہر، قریہ قریہ، گلیاں بازار سجے ہوئے ہیں۔ مختلف مذہبی تنظیموں نے رحمت العالمین ﷺ کی مبارک زندگی کے حوالے سے کانفرنسز کا اہتمام کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں سیرت نبی ﷺ کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ملک بھر سے جید علما، سکالرز اور آئمہ کرام رحمت العالمین ﷺ کے اخلاق حسنہ اور دیگر محاسن پر روشنی ڈالیں گے۔ عاشقان رسول نے نبی رحمت کے جشن ولادت منانے کا انتظام کر رکھا ہے۔

اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس کا انعقاد آج اسلام آباد میں کیا گیا ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی مرحلے کی صدارت صدر مملکت عارف علوی جبکہ اختتامی مرحلے کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں 31 اکتوبر سے 6 نومبر تک جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں ہفتہ عشق رسول ﷺ منایا جائے گا۔

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر فشریز کے زیر اہتمام کراچی کے سمندر میں بوٹ ریلی کا اہتمام کیا گیا، کشتیوں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا، بوٹ ریلی مختلف جزائر سے گزری، عاشقان رسول ﷺ کی بڑی تعداد بوٹ ریلی میں شریک ہوئی۔ دوسری جانب چنیوٹ میں 63 من وزنی کیک کاٹا گیا، کیک وادی عزیز شریف دربار پر کاٹا گیا۔ اس موقع پر عاشقان مصطفیؐ نے گلہائے عقیدت پیش کیے، احمد پور شرقیہ بھی درود و سلام کی صداوں سے گونج اٹھا، احمد پور شرقیہ میں جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں مشعلیں اٹھا کر خاتم النبین ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے قوم کو عیدمیلاد النبیؐ کی مبارکباد دی اور قوم کے نام پیغام میں کہا سرور کائنات کی حیثیت بے مثال آفتاب کی ہے، آپؐ کی بے مثل تعلیمات انسانوں کیلئے مشعل راہ ہیں، ہم نے اس سفر کا آغاز کر دیا، اب منزل زیادہ دور نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے امت مسلمہ کو عید میلاد النبی ﷺ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضورا کرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم ختم کیا جا سکتا ہے، آپؐ کی زندگی مجسم قرآن ہے جس میں مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے، حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔

وزیراعظم نے حضرت محمدؐ خاتم النبین کے یوم ولادت پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آپؐ کی حیات مبارکہ جہد مسلسل اور انسانیت کی رہنمائی ہے، آپﷺ نے بے مثال فلاحی ریاست قائم کر کے دکھائی، عدل و انصاف، مذہبی و سماجی آزادی کا عملی نمونہ ریاست مدینہ تھی، مغرب نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح کیلئے کام کیا۔ عمران خان نے کہا کہ کوشش ہے ریاست مدینہ کے تصور سے مکمل رہنمائی حاصل کریں، وطن عزیز کو فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں گے۔
حال ہی میں ملک میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوبارہ سر اٹھانے کے پیش نظر تقریبات کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ چنانچہ صوبے میں امن و امان برقرا رکھنے کے لیےحکومت سندھ نے صوبے میں ایک روز کے لیے 30 اکتوبر کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے تاہم صحافی، قانون نافذ کرنے والے اہلکار، بزرگ شہری، خواتین اور بچے پابندی سے مستثنٰی ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 894876
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش