QR CodeQR Code

خاتم النبیین ﷺ کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کیلئے باعث سعادت ہے، محمود خان

30 Oct 2020 13:16

عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ آپ ﷺ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے عید میلادالنبی ﷺ کے مبارک موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری انسانیت کیلئے باعث سعادت ہے، آپ ﷺ نے بنی نوع انسان کو اندھیروں سے نکال کر انسانیت کی معراج تک پہنچا دیا۔ عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آپ ﷺ کی ولادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے، آپ ﷺ کی محبت ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے اور آپ ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر انسان دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے ہمیشہ انسانیت کی تکریم و محبت، عفو و درگذر، عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کا درس دیا ہے۔ آپ ﷺ کا خطبہ حجتہ الوداع ایسا منشور ہے جو رہتی دنیا تک نہ صرف مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے انسانوں کی رہنمائی کا سر چشمہ ہے۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ یہ رحمت عالم ﷺ کی تعلیمات کا کرشمہ تھا جس نے سب کو ایک صف میں کھڑا کر کے آقا و غلام کا فرق مٹا دیا اور بلاامتیاز رنگ و نسل فلاح انسانیت کا درس دیا جس کی بدولت اسلام دنیا کے کونے کونے تک پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت کا یہ انقلاب انسانی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے، آپ ﷺ انسانیت کے نجات دہندہ اور حقیقی محسن ہیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ ہمیں کامیابی کیلئے اپنی زندگیوں میں امانت، دیانت، خیرخواہی اور اسلامی بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا، باہمی اتحاد اور قومی یکجہتی موجودہ حالات کا اولین تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی اسلامی فلاحی مملکت کے قیام کیلئے اسوہ حسنہ کی روشنی میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ محمود خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کے سنہری اُصولوں کو اپنا کر ہی ایک ترقیافتہ اسلامی فلاحی معاشرے کا قیام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 894899

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894899/خاتم-النبیین-ﷺ-کی-ولادت-نہ-صرف-عالم-اسلام-بلکہ-پوری-انسانیت-کیلئے-باعث-سعادت-ہے-محمود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org