0
Friday 30 Oct 2020 13:27

گورنر خیبر پختونخوا کا عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پیغام

گورنر خیبر پختونخوا کا عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پیغام
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے نبی آخرالزمان، خاتم النبین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی آمد کے سعید دن پر پوری قوم اور مسلم اُمّہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ ہم بہت خوش قسمت قوم ہیں کہ جن کا پیغمبر، رہنما اور عشق آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ و الہ وسلم ہیں، ہمارا عشق اور ہماری زندگیاں اس مقدس ذات کے ساتھ ہیں کہ جن کی ساری زندگی امانت، دیانت، سادگی، عفو و درگزر، بردباری،سخاوت، شجاعت، باہمی معاملات میں عمدگی، فلاح انسانیت، سچائی اور منصف مزاجی سمیت لاکھوں، کروڑوں عمدہ صفات جیسی مثالوں سے بھری ہوئی ہے۔ گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ آج پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کا مقصد ہی اپنے رہبر و پیغمبر کی صفات اور اسوہ حسنہ پر عملدرآمد کی کوشش ہے، 12 ربیع الاول 1442 ھجری عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ نبی کریم کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے، ہمیں اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیکر معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ اور فلاح انسانیت کیلئے کام کرنا ہوگا کیونکہ خاتم النبین آپ صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی حیات طیبہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کی سیرت و کردار کی تعمیر اور اخلاق و اعمال کی درستگی کی عمدہ مثال ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہمیں قومی، مذہبی اور اجتماعی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی سوچ اور رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی کیونکہ آنحضرت محمد صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کی بدولت اخلاقیات، معاشیات، گھریلو و اجتماعی زندگیوں اور روزمرہ کے معاملات میں مکمل رہنمائی کی گئی ہے، عصر حاضر ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم عشق محمد صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کو اپنے کردار، گفتار اور عملی نمونہ سے دنیا پر ثابت کریں تاکہ اقوام عالم کو پتہ چل جائے کہ ہم ایک عظیم پیغمبر کے ماننے والے ہیں اور اپنے صفوں میں اتحاد و بلند عزم قائم رکھیں، آج کے پر مسرت اور بابرکت دن کی مناسبت سے میں بارگاہ ایزدی میں دعا گو ہوں کہ یہ ماہ بابرکت ہمارے لئے باعث رحمت و بخشش ہو اور ہمیں محسن انسانیت نبی کریم صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونیکے توفیق بخشیں اور ہمارے ملک کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 894903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش