QR CodeQR Code

عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے دفاع رسولؐ انسانیت کی دعوت

سعودی رژیم حرم رسول اللہ (ص) کے دروازے سب پر کھول دے، سید مقتدی صدر

30 Oct 2020 14:12

عراق کی صدری تحریک اور سائرون سیاسی اتحاد کے سربراہ نے عید میلاد النبیؐ اور فرانسیسی شرپسند عناصر و حکومت کیجانب سے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں ہونیوالی گستاخی کے حوالے سے ٹوئٹر پر جاری ہونیوالے اپنے پیغام میں سعودی شاہی رژیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر کیساتھ مدینہ منورہ اور حرم رسول خدا (ص) کے دروازے سب پر کھول دے۔


اسلام ٹائمز۔ عراق کی صدری تحریک اور سائرون سیاسی اتحاد کے سربراہ سید مقتدی الصدر نے عید میلاد النبیؐ اور فرانسیسی شرپسند عناصر و حکومت کی جانب سے رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں ہونے والی گستاخی کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں تمام انسانوں کو رسول انسانیت (ص) کے دفاع کی دعوت دی ہے۔ سید مقتدی صدر نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں سعودی شاہی رژیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ مدینہ منورہ اور حرم رسول خدا (ص) کے دروازے سب پر کھول دے۔



سید مقتدی صدر نے اپنے پیغام میں تاکید کی ہے کہ تمام مسلمان اور انسانیت کا دم بھرنے والے انسان ہر سال عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر منائے جانے والے ہفتۂ وحدت 12 تا 17 ربیع الاول کے دوران حضرت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زیارت کو جائیں اور خلوص نیت کے ساتھ آپؐ کی زیارت کرتے ہوئے دفاعِ رسولؐ، ظلمتوں سے نور کی جانب سفر، نبیِ رحمتؐ کے ساتھ وفاداری، فرقہ وارانہ اختلافات کے خاتمے اور رسول اللہ (ص) کے رَستے پر کاربند رہنے کا عہد کریں تاکہ ہم مغرب کو اپنے عظیم الشان پیغمبرؐ کی اور اپنی انتہائی خوبصورت تصویر دکھا سکیں اور اُمتِ مسلمہ پر چھا جانے والے غم و اندوہ کا مداوا بھی کر پائیں۔


خبر کا کوڈ: 894910

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894910/سعودی-رژیم-حرم-رسول-اللہ-ص-کے-دروازے-سب-پر-کھول-دے-سید-مقتدی-صدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org