QR CodeQR Code

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اہل ایمان کا جشن منانا مذہبی شعائر میں سے ہے، زہراء نقوی

30 Oct 2020 14:31

میلاد النبی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ 12 تا 17 ربیع الاول ھفتہ وحدت کے طور پر منایا جائے، جس میں شیعہ، سنی مسالک کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام عام ہو۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں شرپسند عناصر کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے، ملک میں شیعہ سنی مسلمانوں کو ایک دوسرے کے مدمقابل کرنے، مذہبی منافرت اور شدت پسندی کو رواج دینے کی کوششوں میں سرگرم اسلام دشمن عناصر کو ناکامی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ولادت باسعادت سردار کائنات خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰ (ص) کے موقع پر شیعہ، سنی مسلمانوں کا جشن منانا اور خوشیوں کو بانٹنا دراصل رسول کریم (ص) کی ذات گرامی کو مرکز قرار دیتے ہوئے اتحاد و یگانگت کی فضا کو قائم کرے گا اور اسی اتحاد کے نتیجے میں ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آقائے دو جہاںؐ کی ذات گرامی نے علم و نور کی ایسی شمعیں روشن کیں، جس نے عرب جیسے علم و تہذیب سے عاری معاشرے میں جہالت کے اندھیروں کو ختم کرکے اسے دنیا کا تہذیب یافتہ معاشرہ بنا دیا، آپؐ نے اپنی تعلیمات میں امن، اخوت، بھائی چارہ، یکجہتی اور ایک دوسرے کو برداشت کا درس دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج اگر فرانس جیسے ممالک اسلام دشمنی میں رسول اللہ (ص) کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں تو اس کی بنیادی وجہ مسلم امہ کی سیرت و تعلیمات نبی کریم (ص) سے دوری اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم امت مسلمہ کے عظیم مفاد میں اکٹھے ہوکر آپؐ کی تعلیمات کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کریں۔


خبر کا کوڈ: 894913

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/894913/عید-میلاد-النبی-کے-موقع-پر-اہل-ایمان-کا-جشن-منانا-مذہبی-شعائر-میں-سے-ہے-زہراء-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org