0
Friday 30 Oct 2020 21:46

لاہور، جشن عید میلادالنبی(ص) کے اجتماعات، ریلیاں، حرمت رسول پر جان قربان کرنے کا عزم

لاہور، جشن عید میلادالنبی(ص) کے اجتماعات، ریلیاں، حرمت رسول پر جان قربان کرنے کا عزم
اسلام ٹائمز۔ آقائے دو جہاں حضرتِ مصطفیٰ محمدﷺ کے جشنِ ولادت باسعادت کو  مذہبی جوش و خروش اور بھرپور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ غلامانِ محمد کی لاہور میں ان گنت محافل درود و سلام، مجالسِ ذکرِ خاتم النبین، ریلیاں اور جلوس نکالے گئے جن میں ہزاروں عاشقان محمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بڑے پیمانے پر لنگر و نیاز تقسیم کی گئی جبکہ سرکاری و پرائیویٹ عمارتوں، گھروں اور مساجد پر چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ لاہور میں اس مبارک دن کا آغاز پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ کینٹ یادگارِ شہدا گراؤنڈ تکبیر اور رسالت کے نعروں سے گونج اُٹھا۔ ریلوے سٹیشن پر دعوت اسلامی کا عظیم الشان مرکزی جلوس برآمد ہوا، جس کی قیادت دعوت اسلامی کے رہنما حاجی یعفور رضا عطاری نے کی۔ جلوس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکائے جلوس نے شانِ اقدس آقائے دو جہاں کی بارگاہ میں درود و سلام کے نذرانے پیش کئے۔ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوا۔

چندرائے روڈ پر جامعہ العروۃ الوثقی کے زیراہتمام وحدت امت اور شان رسالت ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ ریلی میں شیعہ سنی علمائے کرام، عمائدین اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ادھر تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام  مولانا خادم حسین رضوی کی قیادت میں دربار میاں میرؒ سے نکلنے والا جلوس داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جشنِ ولادت باسعادت کی خوشی میں عاشقان رسول نے جامع مسجد انوارِ مدینہ سے داتا دربار تک ریلی نکالی۔ ریلی میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گڑھی شاہو اور جی ٹی روڈ کپ سٹور سے نکلنے والے قافلوں میں اونٹوں، بگھیوں، بیل گاڑیوں پر عشاقِ رسول شریک ہوئے، تیغ زنی کا مظاہرہ بھی کیا گیا اور ننھے بچے ہاتھوں میں پرچم ِِ رسالت تھامے آمدِ مجتبیٰ کے ترانے پڑھتے رہے۔ نوری بلڈنگ چوک اسلامپورہ سے بارہ ربیع الاول کا جلوس اپنے مقرر کردہ راستوں پر رواں دواں ہے۔ جلوس رات بارہ بجے اسلام پورہ واپس پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

ٹاؤن شپ اور گوالمنڈی سے نکلنے والے جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے مخصوص مقامات پر پہنچ کر ختم ہو گئے۔ انجمن تاجران کے زیراہتمام نکلنے والی جشن عیدمیلادالنبی کی ریلی بھی اقبال ٹاؤن قادری ہاؤس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شیخ فیاض الدین قادری کی جانب سے شرکا کا استقبال کیا گیا، اس موقع پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ایوان وزیر اعلیٰ کی جامعہ مسجد میں محفل میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے محفل میلاد میں خصوصی شرکت کی۔ ڈی جی اوقاف طاہر رضا بخاری نے سیرت النبیؐ کے موضوع پر خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹھوکر نیاز بیگ پناہ گاہ میں منعقدہ محفل میلاد میں بھی شرکت کی۔ محفل میں صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے نعت رسول مقبول بھی پیش کی۔ عثمان بزدار نے پناہ گاہ میں مقیم افراد کیساتھ کھانا کھایا اور مسائل سنے۔ جماعت اہلسنت شمالی لاہور کی جانب سے عیدمیلادالنبیؐ کا جلوس برآمد ہوا، چاہ میراں ٹینکی والی مسجد سے نکلنے والا جلوس گھوڑے شاہ دربار پہنچ کر ختم ہوا۔ عید میلادالنبیﷺ پر عاشقان رسول کا جوش و خروش عروج پر تھا۔

ٹاؤن شپ سے نکلنے والا جلوس جامع مسجد المدینہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ علامہ غلام شبیر فاروقی نے اختتامی دعا کرائی۔ جشن عید میلادالنبیﷺ پر شہر میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر 4 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ 227 جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی۔ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کی سربراہی میں انتظامی مشینری بھی متحرک رہی۔ ڈپٹی کمشنر نے جلوسوں اور ریلیوں کے روٹس پر انتظامات چیک کیے، جبکہ داتا دربار پر بھی حاضری بھی دی۔
خبر کا کوڈ : 894982
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش