0
Friday 30 Oct 2020 22:13

سپیکر فدا محمد ناشاد اور سید علی رضوی کی اہم ملاقات، گلے شکوے دور

سپیکر فدا محمد ناشاد اور سید علی رضوی کی اہم ملاقات، گلے شکوے دور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سپیکر قانون ساز اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سکرٹری جنرل سید علی رضوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے دیگر رہنماء سید اسد نقوی، شیخ احمد نوری، شیخ اعجاز بہشتی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ایک دوسرے کے گلے شکوے دور کئے گئے۔ سید علی رضوی نے حاجی فدا محمد ناشاد سے کہا کہ ہمیں کسی کی ذات سے کوئی اختلاف نہیں ہے، تاہم مسلم لیگ نون نے علاقے کے لوگوں پر بڑے مظالم ڈھائے، مگر ہمارے ہی لوگ اس ظالم جماعت کے ساتھ منسلک رہے، مسلم لیگ نون جیسی ظالم جماعت کو مسترد کر دینا چاہیئے۔

انہوں نے حاجی فدا محمد ناشاد سے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی سے کوئی اختلاف ہے تو ان جماعتوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ اب جب آپ نے مسلم لیگ نون چھوڑ دی ہے تو ہمیں آپ کی ذات سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، ہم نظریات کی بنیاد پر سیاست کرتے ہیں، ہم کسی جماعت کے ساتھ اختلاف یا اتفاق اس کی بنیادی پالیسیوں کی بنیاد پر کرتے ہیں، عمران خان کی پالیسی پسند آنے کی وجہ سے ان کی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کی ہے، یہ جماعت آگے جا کر اگر عوامی توقعات پر نہیں اترتی ہے تو ہم بھی پیچھے ہٹی جائیں گے، امید ہے کہ عمران خان عوام کی تواقعات پر پورا پورا اتریں گے۔ اس موقع پر حاجی فدا محمد ناشاد نے سید علی رضوی کی قومی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم سید علی رضوی کی قومی، سماجی، سیاسی خدمات کے پہلے بھی معترف تھے اب بھی ہیں، آئندہ بھی رہیں گے، ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ میں نے ہمیشہ برجستہ علمائے کرام کی رہنمائی میں کام کیا ہے، جب بھی کوئی مشکل پیش آئی علمائے کرام کی رہنمائی حاصل کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے کامیابیاں ملتی رہیں، جہاں تک مسلم لیگ نون کی ناقص پالیسیوں سے متعلق شکایت ہے، اس پر میں سید علی رضوی سمیت پوری قوم سے معذرت خواہ ہوں، اس جماعت کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے مسلم لیگ نون کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ سپیکر فدا محمد ناشاد نے مزید کہا کہ سید علی رضوی سے ہونے والی ملاقات علاقے کی پائیدار ترقی میں ممد و معاون ثابت ہوگی۔ ان شاء اللہ پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم کی مشترکہ حکومت علاقے کی ترقی، خوشحالی کیلئے اہم کردار ادا کرے گی، دونوں جماعتوں میں بہت سارے معاملات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، متعدد معاملات میں ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان مشترکات پائے جاتے ہیں۔ دریں اثناء حاجی فدا ناشاد اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں کے مابین ہونے والی ملاقات میں طے پایا کہ خطے کو درپیش چیلنجز کے خاتمے کیلئے دونوں جماعتیں مل کر کردار ادا کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 894993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش