QR CodeQR Code

عالمی برادری کشمیری اور بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے، راحیل شریف

31 Oct 2020 06:31

سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا جس سے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے کیونکہ ہم نے کشمیری بھائیوں پر مظالم کو قریب سے دیکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی فوجی اتحاد کے سربراہ اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے کیونکہ ہم نے کشمیری بھائیوں پر مظالم کو قریب سے دیکھا ہے پاکستانی عوام کشمیریوں کے عزم اور بہادری کی تعریف کرتے ہیں۔ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا جس سے ملٹری اتحاد کے سربراہ و سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے کیونکہ ہم نے کشمیری بھائیوں پر مظالم کو قریب سے دیکھا ہے، تقسیم ہند کے بعد سے ہی غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ہول ناک خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی عظیم جدوجہد میں ہزاروں افراد نے شہادت کو قبول کیا، نریندر مودی کی فاشسٹ اور جابرانہ حکومت غیر انسانی سلوک کے باوجود کشمیریوں کا عزم توڑنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، پاکستانی عوام کشمیریوں کے عزم اور بہادری کو تسلیم اور تعریف کرتے ہیں۔

جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا کہ اگست 2019ء سے ہندوستانی مظالم وحشیانہ حد تک بڑھ گئے، ہندوستان نے غیرقانونی اور یک طرفہ طور پر آرٹیکل 370 اور 35A کو کالعدم قرار دیا تھا، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق معصوم کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دینا ہوگا۔ سعودی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بار بار مختلف بین الاقوامی فورمز میں تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے، کشمیر کاز کے لیے حکومت پاکستان اور عوام کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گی، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی اور مظالم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
 


خبر کا کوڈ: 895062

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/895062/عالمی-برادری-کشمیری-اور-بھارتی-مسلمانوں-کی-نسل-کشی-روکنے-کے-لیے-فوری-اقدامات-کرے-راحیل-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org