0
Saturday 31 Oct 2020 19:31

مقبوضہ کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ہفتہ وحدت کا آغاز

مقبوضہ کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ہفتہ وحدت کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ہفتہ وحدت بمناسبت عید میلاد النبی (ص) کی تقریبات کا آغاز ہوا۔ سیرتی محافل و مجالس کا یہ سلسلہ 17 ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں امام بارگاہ گلشن باغ بٹہ کدل میں حسب عمل قدیم ایک پُروقار محفل میلاد (ص) کا انعقاد کیا گیا، جس میں انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ تعلیم جامعہ باب العلم سے منسلک دینی مکاتب کے طلباء و طالبات کے علاوہ عاشقان رسول (ص) کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر مولانا مولوی خورشید احمد قانون قانونگو (صدر انجمن حمایت الاسلام، سید محمد صفوی، انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی نے خاتم النبیین حضور سرور کائنات (ص) کے یوم ولادت کی فضیلت اور آپ (ص) کی سیرت و عظمت کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ نبی اکرم (ص) کی سیرت کاملہ کو دنیائے بشریت کے لئے نجات ابدی اور امن، انصاف اور انسانیت کا دستور العمل قرار دیتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ بحیثیت انسان کامل نبی اکرم (ص) کی ذات مقدسہ اپنے انسانیت اور حیات ساز اوصاف حمیدہ کے تناظر میں بلا لحاظ مذہب و ملت تمام قوموں کیلئے باعث فرحت و رحمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں نے ہمیشہ دین اسلام کی حقانیت اور پیغمبر اسلام (ص) کی عظمت سے خائف ہوکر توہین رسالت (ص) کے حربے بروئے کار لائے اور آج بھی ایک منصوبہ بند عالمی سازش کے تحت توہین رسالت کے مذموم واقعات کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ مسلمان مشتعل ہوکر انتہائی اقدامات کی طرف راغب ہوجائیں۔ آغا سید حسن نے کہا کہ توہین رسالت (ص) کے ان بڑھتے سانحات کے سدباب کے لئے دنیائے اسلام کے تمام اکابرین اور اسلامی ممالک کی حکومتوں کو ایک موثر لایحہ عمل مرتب کرنا چاہیئے۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی بار بار اشاعت اور فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ یہ حرکات مسلمانوں کو بھڑکانے کی ایک دانستہ کوشش اور احترام بین المذاہب کے عالمی اصولوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
خبر کا کوڈ : 895184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش