QR CodeQR Code

امن پر یقین رکھتے ہیں اس لیے بغیر مطالبے کے ابھی نندن کو چھوڑا، اسد عمر

31 Oct 2020 21:32

اپنی ویڈیو میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو تین ہفتوں میں اپوزیشن کی طرف سے حکومت کے بجائے پاکستان کے اداروں کے خلاف بیانیہ سامنے آرہا ہے۔ گجرانوالہ میں سزا یافتہ قیدی میاں نواز شریف نے باہر سے بیٹھ کر پاکستان کے اداروں کے اوپر باقاعدہ حملہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ امن پر یقین رکھتے ہیں اس لیے بغیر کسی مطالبے کے ابھی نندن کو چھوڑا۔ سابق اسپیکر ایاز صادق اور پی ڈیم کے جلسوں میں سامنے آنے والے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی ویڈیو میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو تین ہفتوں میں اپوزیشن کی طرف سے حکومت کے بجائے پاکستان کے اداروں کے خلاف بیانیہ سامنے آرہا ہے۔ گجرانوالہ میں سزا یافتہ قیدی میاں نواز شریف نے باہر سے بیٹھ کر پاکستان کے اداروں کے اوپر باقاعدہ حملہ کیا۔ تین چیف جسٹس پاکستان کے فیصلوں پر میاں نواز شریف نے تنقید کی کہ وہ فیصلے آزاد ہی نہیں تھے۔ نواز شریف نے کہاکہ وہ فیصلے بدنیتی پر مبنی تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فوج پر بھی تنقید کی فوج کو نشانہ بنایا۔ کراچی میں انتہائی شرمناک مناظر دیکھے، قائد اعظم کے مزار کا جنگلہ پھلانگ کر سیاسی نعرے لگائے گئے۔ مسلم لیگ کے لیڈر کراچی مزار قائد پر تماشا دیکھتے رہے۔ محمو د اچکزئی نے کہاکہ اردو ہمار ی زبان ہی نہیں، قومی زبان کو کہا گیا کہ یہ ہماری زبان ہی نہیں۔ محمود اچکزئی نے اردو پر وار کر دیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں اویس نورانی نے کہاکہ میں بلوچستان کی آزاد ریاست دیکھنا چاہتا ہوں۔ اویس نورانی نے جب آزاد بلو چستان کی بات کی تو تمام سیاسی پارٹیوں میں سے کسی نے تردید نہیں کی۔ میاں نواز شریف نے اسکے بعد دوبارہ ریا ستی اداروں پر تنقید کی، میاں نواز شریف نے فوج میں جونیئر اور افسران میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی۔


خبر کا کوڈ: 895217

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/895217/امن-پر-یقین-رکھتے-ہیں-اس-لیے-بغیر-مطالبے-کے-ابھی-نندن-کو-چھوڑا-اسد-عمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org