0
Sunday 1 Nov 2020 10:12

بھارتی وزیراعظم نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، زاہد حفیظ

بھارتی وزیراعظم نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا،  زاہد حفیظ
اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر نے پاک فوج کی طرف سے بھارت کو منہ توڑ جواب کا حوالہ دیا تھا۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی میں بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے اور پاکستان مخالف انتخابی مہم کے بعد بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا میں کامیابی ملی۔ بھارت پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فروری 2019 میں پلوامہ حملے کا براہ راست فائدہ بی جے پی حکومت نے اٹھایا، پاکستان مخالف پروپیگنڈا بی جے پی کی انتخابی مہم کا حصہ رہا ہے، اپنی کمزوریوں اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگانا بی جے پی قیادت کا وطیرا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ہم پر تنقید ضرور کریں لیکن ریاستی اداروں کے خلاف بات نہ کریں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایوان میں اسپیکر کی کرسی کی عزت ہونی چاہیے اور آئین کے دائرے میں رہ کر احتجاج سب کا حق ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک کو کبھی غیر آئینی نہیں کہا تاہم سوال جلسوں میں اداروں کے خلاف تقاریر کا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ اداروں کے خلاف تقاریر پر تھا جبکہ دوسرا اور تیسرا جلسہ قومی زبان اور نامناسب تقاریر کے لیے کیا گیا۔ ہماری کارکردگی پر تنقید ضرور کریں لیکن ریاستی اداروں کے خلاف بات نہ کریں۔
انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے گزشتہ روز جو باتیں کیں ان میں کسی ایک کے ساتھ بھی متفق نہیں ہوں۔ ہم نے تو بھارت پر ان کے گھر میں گھس کر وار کیا۔ فواد چوہدری  کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے جلسے میں کہا ہم اردو کو اپنی قومی زبان نہیں مانتے۔ ہمیں گلہ ان دوستوں سے ہے جن کی خاموشی معنی خیز ہے۔
خبر کا کوڈ : 895289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش