0
Sunday 1 Nov 2020 22:09

فوج کی جیتی ہوئی جنگ کو سیاستدانوں نے داغدار کر دیا، جماعت اسلامی

فوج کی جیتی ہوئی جنگ کو سیاستدانوں نے داغدار کر دیا، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے رہنماء پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان پر تنقید کریں، یہ ان کا حق ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور ملکی صورتحال کی عکاسی، عوام کے حقوق کیلئے تحریک چلائیں، جلسے جلوس کریں، لیکن ملک کے اداروں خاص طور پر عدلیہ اور فوج کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے، عدلیہ اور فوج ریاست کے اہم ستون ہیں، ان میں موجود چند افراد میں خرابیاں ہو سکتی ہیں، لیکن پورے ادارے کو اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے متنازعہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ایاز صادق اور فواد چوہدری کے بھونڈے بیانات کی گونج پورے بھارت میں سنائی دے رہی ہے اور بھارتی حکمران شادیانے بجا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی جیتی ہوئی جنگ کو سیاستدانوں نے اپنے بیانات سے داغدار کر دیا ہے، ایسے لوگوں کو پاکستان پر حکمرانی کرنے کا کوئی حق نہیں، پیپلز پارٹی اور نواز لیگ 30 سال تک ملک کے سیاہ و سفید کے مالک رہے، انہوں نے تب عوام کیلئے کیا کارنامے انجام دیئے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 12 سالوں سے مسلسل حکومت موجود ہے، لیکن کراچی تا کشمور کے عوام آج بھی صاف پانی، تعلیم، صحت اور دیگر ضروری سہولیات سے مکمل طور پر محروم ہیں، جبکہ حکمرانوں کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل عمران خان کو قوم پر مسلط کرنے کا فیصلہ کرنے والے لوگوں کی اب آنکھیں کھل جانی چاہئے، کیونکہ اس نااہل حکومت کا بوجھ اب عوام اور ادارے مزید برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاسی جماعتوں کو عوامی ایشوز کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، وہ صرف اپنی دولت بچانے اور سیاسی ڈرامہ بازی کے ذریعے دوبارہ اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل صرف نظام مصطفیٰ (ص) اور کلمے کے نظام کو نافذ کرنے میں ہے، جس کیلئے ہماری جدوجہد روز اول سے جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 895379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش