QR CodeQR Code

پاکستان کا شامی بھائیوں کیلئے امدادی سامان کا تحفہ

2 Nov 2020 01:09

این ڈی ایم اے ذرائع کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں 2 لاکھ 50 ہزار فیس ماسک، 50 ہزار حفاظتی سوٹ، 50 ہزار گاؤن، 50 ہزار این 95 ماسک اور پچاس ہزار حفاظتی چشمے موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سے روانہ ہونے والا پی آئی اے کا خصوصی طیارہ 26 ٹن امدادی سامان لے کر دمشق پہنچ گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے شامی بھائیوں اور بہنوں کیلئے سامان کا تحفہ بھیجا گیا ہے، جسے پی آئی اے کی پرواز لے کر دمشق پہنچی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے مہیا کردہ امدادی سامان میں میڈیکل آلات اور طبی عملے کے حفاظتی سوٹ، حفاظتی سامان سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے ذرائع کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں 2 لاکھ 50 ہزار فیس ماسک، 50 ہزار حفاظتی سوٹ، 50 ہزار گاؤن، 50 ہزار این 95 ماسک اور پچاس ہزار حفاظتی چشمے موجود ہیں۔

دمشق ایئرپورٹ پر پاکستانی سفارتی عملے نے جہاز کے ذریعے بھیجا جانے والا سامان شامی حکام کے حوالے کیا۔ اس موقع پر شام کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرونا جیسی مشکل صورت حال میں مدد کرنے پر شامی عوام پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شام میں تعینات پاکستانی سفیر نے کرونا کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان کو مشکل صورت حال سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد وفاقی کابینہ کی امدادی سامان شام بھیجنے کی منظوری دی۔


خبر کا کوڈ: 895403

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/895403/پاکستان-کا-شامی-بھائیوں-کیلئے-امدادی-سامان-تحفہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org