1
Monday 2 Nov 2020 18:58
اعلان بالفور کی 103ویں سالگرہ

مسئلۂ فلسطین کیخلاف رونما ہونیوالی تمام سازشیں اعلان بالفور کا نتیجہ ہیں، فلسطینی مزاحمتی محاذ

مسئلۂ فلسطین کیخلاف رونما ہونیوالی تمام سازشیں اعلان بالفور کا نتیجہ ہیں، فلسطینی مزاحمتی محاذ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی نے اعلان بالفور کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر اس ڈکلریشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مذموم اعلان کے 103 سال گزر جانے کے بعد بھی فلسطینی قوم اپنے ملک میں باقی ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ حق اس قوم کے ساتھ ہے۔ عرب نیوز چینل المنار کے مطابق جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتمے، نقل مکانی، ٹکڑے ٹکڑے کرنے، ناجائز قبضے اور لوٹ کی تمام عالمی سازشوں کے باوجود فلسطینی قوم متزلزل نہیں ہوئی۔

جہاد اسلامی کا کہنا تھا کہ عرب آمر رژیموں کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستی پر مبنی جلد بازانہ اقدامات اور صدی کی ڈیل، مغربی کنارے پر قبضہ، فلسطینی اراضی کی لوٹ مار و قدس شریف کو صیہونی رژیم کا دارالحکومت قرار دیا جانا، سب کچھ اس شوم اعلان کے نتیجوں میں سے ہے۔ اس مزاحمتی تحریک نے اپنے بیان میں کہا کہ زور زبردستی کے ساتھ چھینے گئے اموال طاقت کے ساتھ ہی واپس لئے جا سکتے ہیں لہذا جہاد اسلامی مجرم (صیہونی) رژیم کے ساتھ مقابلے کی کسی بھی قسم کی کوششوں سے دریغ نہیں کرے گی۔ اس بیان کے آخری حصے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ دشمن کو فلسطینی سرزمین سے مکمل طور پر نکال باہر کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

دوسری طرف اسی حوالے سے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بھی تاکید کی گئی ہے کہ فلسطین کے قومی حقوق کے خاتمے کے لئے ہونے والی تمام سازشوں اور منصوبوں کے باوجود فلسطینی قوم اپنی مزاحمت اور جدوجہد سے ہاتھ نہیں اٹھائے گی۔ حماس نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ برطانیہ کو اس اعلان کے اجراء پر فلسطینی قوم سے معافی مانگنا چاہئے، کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کا تسلیم کیا جانا اور کسی بھی بہانے سے اس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی استواری کی کوئی اہمیت نہیں۔

حماس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ناجائز قبضے کے خلاف فلسطینی قوم کا حق ثابت اور ناقابل گفتگو ہے جبکہ فلسطینی عوام نے غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات کو مسترد کر دیا ہے۔ حماس نے اپنے بیان کے آخر میں تاکید کی کہ فلسطینی قوم ہر قسم کی مزاحمتی کارروائیوں خصوصا مسلحانہ مزاحمت کو بدستور جاری رکھے گی تاکہ غاصب صیہونی رژیم اور اس کے جرائم کا بھرپور مقابلہ کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ سال 1917ء میں اُس وقت کے برطانوی وزیر خارجہ آرتھر جیمز بالفور نے ایک اعلان جاری کیا تھا جس کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے ناجائز و غیرقانونی صیہونی رژیم کے وجود کو فورا تسلیم کر لیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 895530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش