0
Monday 2 Nov 2020 22:46

گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانیکا اعلان ایم ڈبلیو ایم کی بڑی کامیابی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانیکا اعلان ایم ڈبلیو ایم کی بڑی کامیابی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام گذشتہ ستر سال سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے تھے، آج پوری قوم کے لیے خصوصاً جی بی کی عوام کے لئے خوشی کا دن ہے، عید کا دن ہے کہ انہیں اس ملک میں برابر کا شہری تسلیم کیا گیا اور ان کے حقوق کو تسلیم کیا گیا۔ جی بی کے عوام محب وطن ہیں، جن کی ملک و ملت کے لئے خدمات اور قربانیاں لائق تعریف ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک اہم وعدہ پورا کر دیا۔ گلگت بلتستان کے مظلوم عوام اور مظلوم شہری اس ملک کے برابر کے شہری ہیں، انہیں اس ملک کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں برابر کی نمائندگی ملنی چاہیئے، اس لیے اس سلسلے میں جو اقدامات کیے گئے ہیں، وہ لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے مخلصانہ جدوجہد کی ہے، جی بی کے ہر دلعزیز بہادر رہنماء علامہ آغا سید علی رضوی نے گلگت بلتستان کے حقوق، عوامی ایشوز کو موثر و جرات مندانہ انداز پیش کیا اور وہ عوام کے حقیقی ترجمان بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اقتدار کی بجائے اقدار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اس لیے مجلس وحدت نے گلگت بلتستان میں اقتدار کے حصول کی بجائے وہاں کے عوامی حقوق کو اہمیت دی۔ اسے مجلس وحدت مسلمین کی بڑی کامیابی کہنا چاہیئے کہ ان کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ عبوری آئینی صوبے کی صورت میں پورا کیا گیا۔ اس تاریخی کامیابی پر جی بی کے محب وطن عوام اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 895569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش