0
Tuesday 3 Nov 2020 16:29

13 دسمبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ مینار پاکستان پر ہوگا، رانا ثناء اللہ

13 دسمبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ مینار پاکستان پر ہوگا، رانا ثناء اللہ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ مینار پاکستان پر ہوگا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 13 دسمبر کو پی ڈی ایم جلسہ مینار پاکستان پر ہوگا، پرویز ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس میں پارٹی عہدیداروں اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شامل ہیں۔ پی ڈی ایم کا 13 دسمبر کا جلسہ لاہور کی تاریخ میں بے مثال اور فیصلہ کن ہوگا، یہ جلسہ موجودہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا، 13 دسمبر کو ثابت ہوگا کہ لاہور جاگ اٹھا ہے، اس کے بعد پورا پاکستان جاگے گا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ حملہ کیس میں استغاثہ نے عمران خان کو غلط بری کروایا، استغاثہ سے پوچھا جائے 6 سال عوام کا وقت کیوں ضائع کیا گیا؟، چیف جسٹس پاکستان اس معاملے کا نوٹس لیں، ایک طرف عمران خان بریت اور دوسری طرف 120 نئی عدالتوں کی بات ہو رہی ہے، خصوصی عدالتوں کے ججز کا تقرر حکومت اور وزارت قانون کرتی ہے، اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا تو جمہوریت کیسے بڑھے گی؟ چیف جسٹس پاکستان اس معاملے کا نوٹس لیں۔

(ن) لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ ایک وفاقی وزیر اداروں کو متنازع بنا رہا ہے، نیب کو کس نے متنازع بنایا؟ کون چیئرمین نیب کو بلیک میل کر رہا ہے؟ میری ضمانت دینے پر جج کو واٹس ایپ پر تبدیل کر دیا گیا، واٹس ایپ پر جج کے تبادلے کا نوٹس کیوں نہیں لیا گیا؟ کیا ملک میں یہ انصاف ہو رہا ہے؟ چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نوٹس لیں۔ (ن) لیگ کے قائد کی واپسی سے متعلق رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف لندن میں اپنے علاج میں مصروف ہیں اور حکمران ٹولے کا بھی علاج کر رہے ہیں، نواز شریف دونوں علاج کے بعد واپس آئیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسلام آباد رخ کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت ہی کرے گی، ان شاء اللہ اسلام آباد کا رخ ضرور ہوگا، عمران خان نے کہا تھا کہ وہ 10 لاکھ لوگ لے کر اسلام آباد داخل ہوں گے، اگر وہ 5 لاکھ افراد بھی لے جاتے تو شاید کامیاب ہو جاتے، پی ڈی ایم کے قافلے میں شامل افراد کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہوگی، پی ڈی ایم اپنے مقصد میں کامیاب ہو کر واپس لوٹے گی۔ واضح رہے کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کا اتحاد (پی ڈی ایم) گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں جلسے کرچکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 895677
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش