0
Tuesday 3 Nov 2020 17:13

کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی کے ضلع شرقی میں پابندیاں نافذ

کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی کے ضلع شرقی میں پابندیاں نافذ
اسلام ٹائمز۔ کورونا کی دوسری لہر میں کیسز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر شرقی نے ضلع بھر میں پابندیاں نافذ کردیں اور کہا تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹ، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کردیئے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤ اور این سی او سی کی ہدایات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر شرقی نے ضلع بھر میں پابندیاں نافذ کردیں، پابندیاں 2 نومبر سے تا حکم ثانی نافذ العمل رہیں گی۔ ڈپٹی کمشنر شرقی کی جانب سے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹ، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کردیئے جائیں جبکہ اسپتال، میڈیکل اسٹور، صحت عامہ کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

حکم نامہ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ، بس اسٹاپ، مارکیٹوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا، تمام تفریحی گاہیں اور پارکس شام 6 بجے بندکردی جائیں جبکہ جاگنگ ٹریکس والے پارکس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ یاد رہے این سی او سی نے کورونا کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کیا جس میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لئے ماسک لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ این سی او سی نے شادی ہال، مارکیٹس اور مال رات دس بجے بند کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 895681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش