0
Tuesday 3 Nov 2020 23:14

جماعت اسلامی کی پاکستان میں چینی نظامِ حکومت رائج کرنے کے حکومتی بیان پر اظہار تشویش

جماعت اسلامی کی پاکستان میں چینی نظامِ حکومت رائج کرنے کے حکومتی بیان پر اظہار تشویش
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے وزیراعظم عمران خان کے پاکستان میں چینی نظام ِ حکومت رائج کرنے کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست مدینہ طرز کی حکومت قائم کرنے کے دعویدار کو اس سے متصادم نظام کی بات ہرگز زیب نہیں دیتی، جس سے ان کے کنفیوژ ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا، جس کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں، مملکت خداداد کا آئین اور دستور اسلام کے علاوہ کسی بھی نظام قانون کو یکسر طور پر رد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کنفیوژ حکمران کبھی ملائیشیا، کبھی ترکی، تو کبھی چین کے نظامِ حکومت کو ملک پر مسلط کرنے کی باتیں کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی مدینے کی ریاست کی مثال پیش کرتے ہوئے ملک میں مدینے کی مثالی قوانین نافذ کرنے کی بات کی، لیکن مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور بیرون ملک قومی خزانے سے لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے دعوؤں کی طرح مدینے کی ریاست قائم کرنے کا دعویٰ بھی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کے خوابوں اور امیدوں کا محور و مرکز ہے، جس میں صرف اسلام کا عظیم الشان نظام ہی ہمیں تمام مسائل سے نجات دلا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 895748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش