0
Wednesday 4 Nov 2020 12:23
مسلمان سیرت النبی کے مطابق اپنی زندگیوں کو بسر کرنے کی بجائے اختلافی مسائل کی دلدلوں میں الجھ کر رہ گئے، مولانا شیخ یاسین

حوزہ علمیہ امام رضا ؑ کشمیر میں ہفتہ وحدت، عید میلاد النبی اور یوم ولادت امام صادق ؑ کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

تمام فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اسرائیل، امریکہ اور فرانس جیسے خونخوار دہشتگردوں کیخلاف متحد ہوجائیں، آغا سید افتخار
حوزہ علمیہ امام رضا ؑ کشمیر میں ہفتہ وحدت، عید میلاد النبی اور یوم ولادت امام صادق ؑ کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ہفتہ وحدت، میلاد مسعود حضرت ختمی مرتبت و یوم ولادت باسعادت حضرت امام جعفر صادق ؑ کے سلسلے میں جامعہ امام رضا سرینگر میں ایک روزہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلباء، دانشوروں اور علمائے کرام کے علاوہ مقامی لوگوں کی ایک تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے رسول اسلام و فرزند رسول کے ساتھ والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ رُوح پرور تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد حسب روایت نعت خوانی و مدح سرائی کی گئی۔ دانشوروں اور علمائے کرام نے یک زبان ہوکر محمد و آل محمد کی سیرت اپنانے کی تلقین کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حوزہ علمیہ امام رضا کے پرنسپل حجة الاسلام و المسلمین مولانا شیخ یاسین حسین نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ہماری زندگی کے لیے نمونہ ہیں اور انسان کی سیرت و اخلاق کی درستگی کے لیے سیرت نبوی سامان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر آخر الزمان کی سیرت طیبہ ہدایت کا منبع ہے، لیکن بدنصیبی یہ ہے کہ امت نے پیغمبر آخر الزمان کو میلاد النبی منانے اور چند مخصوص اعمال تک محدود رکھا، جس کی وجہ سے آج مسلمانان عالم کو گونا گوں چلینجوں کا سامنا ہے۔

مولانا نے کہا کہ پیغمبر آخر الزمان کی ولادت کس تاریخ اور کس یوم کو ہے، یہ کوئی سنجیدہ مسئلہ نہیں بلکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ ہم سے کیا تقاضا کر رہے ہیں اور ہم کس حد تک اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتباع رسول میں ہی راہ نجات ہے، لیکن افسوس کا مقام ہے کہ مسلمان سیرت النبی کے مطابق اپنی زندگیوں کو بسر کرنے کی بجائے اختلافی مسائل کی دلدلوں میں الجھ کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم سیرت النبی کے تمام پہلوﺅں کو اپنی زندگیوں میں عملی جامہ پہنائیں، تاکہ رسول اسلام سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا ثبوت دے سکیں۔ انہوں نے اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی و صیہونی طاقتیں اسلام و مسلمین کے خلاف متحد ہوگئی ہیں لیکن حد درجہ تشویشناک بات ہے کہ ہم مختلف فرقوں اور ٹولوں میں بٹے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف کفر کے فتوے لگانے میں مصروف ہیں، یہی وجہ ہے کہ مسلمان مملکتوں کو ایک نہ ایک بہانے تباہ کن جنگوں کی جانب دھکیل دیا گیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر امام جمعہ جامعہ امام رضا ؑ حجة الاسلام و الملمین آغا سید افتخار حسین رضوی نے ایک مدلل خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے محمد و آل محمد کو عالم بشریت کے لئے نمونہ کامل قرار دیا اور کہا کہ اہلبیت ؑ اطہار کی اتباع اور ان کی فرمانبرداری میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام کے خلاف جو سازشیں ہو رہی ہیں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑا کر خون کی ندیاں بہائی جا رہی ہیں، اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے قرآن و اہلبیتؑ سے دوری اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنحضرت اور امام صادق ؑ کی سیرت عالم انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ اگر مسلمانان عالم آپ کی سیرت پر عمل پیرا ہو جائیں تو کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے وحدت اسلامی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت آں پہنچا ہے کہ مسلمانان عالم تمام فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اسرائیل، امریکہ اور فرانس جیسے خونخوار دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور تمام مسائل و مشکلات کا حل سامراجی طاقتوں کی بجائے لا الٰہ الا ﷲ کے جھنڈے تلے نکالیں۔

انہوں نے متنازعہ فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو کی جانب سے مسلسل رسول اسلام کی توہین کئے جانے اور فرانسیسی صدر کے متنازعہ اور توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رسول اسلام سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس سلسلے میں کسی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا رسول اسلام کی توہین ناقابل برداشت ہے، توہین رسالت کے مرتکب افراد کے خلاف عالمی سطح پر سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی۔ تقریب میں شرکاء نے فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو اور فرانسیسی صدر کے خلاف مظاہرے کئے اور متنازعہ جریدے کو فوری طور بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ شرکاءنے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اﷲ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے ساتھ بھر پور وابستگی کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن حمایت کا عزم دہرایا۔
خبر کا کوڈ : 895874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش