0
Thursday 5 Nov 2020 12:00

مقبوضہ کشمیر، مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے تقریب

مقبوضہ کشمیر، مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے تقریب
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے عید میلاد (ص) اور یوم ولادت امام جعفر صادق (ع) کی مناسبت سے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں تنظیم کے شعبہ تعلیم سے منسلک مکاتب میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے علاوہ فرزندان توحید کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ بیان کے مطابق اس موقع پر طلبہ و طالبات نے نعت خوانی کے علاوہ کئی علماء نے سیرت نبوی (ص) اور امام جعفر صادق (ع) کے کردار و عمل کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔ انجمن کے صدر آغا سید حسن نے پیغمبر اکرم (ص) کی عظمت اور امام صادق (ع) کے مقام و منزلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جس قدر مہذب ہوتی جائے گی اور علم و تحقیق کے نئے نئے باب کھلتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کی حقانیت اور حضور پاک (ص) کی سیرت طیبہ کی اہمیت اور ضرورت اس قدر واضح ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے بشریت اسلام اور پیغمبر اسلام کی سیرت کی طرف متوجہ ہوتی جا رہی ہے اور یہ حقیقت دنیائے انسانیت پر واضح ہوتی جا رہی ہے کہ اسلام ایک مکمل انسانیت ساز نظام ہے جو نہ صرف انسان کے انفرادی مسائل کا بہترین حل فراہم کرتا ہے بلکہ نوع بشریت کے جملہ انسانی، معاشرتی، سماجی، معاشی اور سیاسی امورات کا احاطہ کرکے بہترین رہنمائی کرسکتا ہے۔ آغا سید حسن نے کہا کہ امام صادق (ع) تاریخ اسلامی کی پہلی ایسی علمی شخصیت ہے جنہوں نے اسلامی علوم کی ترویج کیلئے حوزہ علمیہ قائم کیا جہاں بیک وقت چار ہزار سے زیادہ طلاب شرف تلمز حاصل کرتے تھے۔ تقریب کے آخر پر آغا سید حسن نے بہترین نعت خوانوں، نوحہ خوانوں اور فعال کارکنوں میں ایوارڈ تقسیم کئے۔
خبر کا کوڈ : 895990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش