0
Friday 6 Nov 2020 08:06

الیکشن میں ملی بھگت سے دھاندلی کی گئی، ٹرمپ کا الزام

الیکشن میں ملی بھگت سے دھاندلی کی گئی، ٹرمپ کا الزام
اسلام ٹائمز۔ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار بڑی بے ضابطگیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ الیکشن میں ملی بھگت سے دھاندلی کی گئی، قانونی ووٹ گنیں تو میں تاریخی کامیابی حاصل کرچکا ہوں، انہوں نے کہا کہ ووٹ غلط گنے گئے تو یہ چوری ہوگی، ڈیموکریٹ نظام کو کرپٹ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جارجیا میں 4 گھنٹے سے ووٹوں کی گنتی رکی ہوئی ہے۔ رپبلکن پارٹی کے امیدوار نے کہا کہ ابھی چند ریاستوں سے نتائج آنا باقی ہیں۔ ہمارے خلاف بڑے مالیاتی اداروں نے فنڈنگ کی۔ ہمارے پاس انتخابی دھاندلی کے شواہد موجود ہیں۔ ڈیموکریٹ جیت کے لیے ہمارے خلاف کروڑوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس ہمارے مبصرین کو گنتی کے عمل سے باہر نکال رہے ہیں۔ فلاڈلفیا میں ہمارے مبصرین کو باہر نکال دیا گیا اور جارجیا میں الیکشن سیٹ اپ ڈیموکریٹس چلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سینیٹ میں اپنی نشستوں کا دفاع کیا۔ سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی فاتح رہی۔ ڈیموکریٹس انتخابات نہیں جیت سکتے، اس لیے ڈاک کا نظام متعارف کرایا۔ ری پبلکن کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست مشی گن، ریاست وسکونسن اور پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ عدالت میں دائر کردہ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کو ووٹوں کی گنتی کے دوران مناسب رسائی حاصل نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 896198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش