0
Friday 6 Nov 2020 11:44

جہانگیر ترین لندن سے لاہور پہنچ گئے

جہانگیر ترین لندن سے لاہور پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگیر ترین لندن سے لاہور پہنچ گئے، وہ ایمرٹس ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے ہیں۔ جہانگیر ترین لندن سے براستہ دبئی لاہور پہنچے ہیں، وہ تقریباً 7 ماہ علاج کے لیے برطانیہ میں مقیم رہے تھے۔ جہانگیر ترین کا وطن واپسی پر لاہور ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ علاج کی غرض سے باہر گیا تھا، 7 سال سے ہر سال علاج کے لیے باہر جاتا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کا کام ہے الزام لگانا، جس کا جواب دینا ضروری نہیں، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میرا تمام کاروبار صاف و شفاف ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ابتدائی ارکان میں سرفہرست شمار ہونے والے جہانگیر ترین 7ماہ قبل شوگر انکوائری کمیشن کی فارنزک رپورٹ میں فائدہ اٹھانے والوں میں نام آنے کے بعد بغرض علاج برطانیہ چلے گئے تھے۔ ان کی وطن واپسی کی خبروں کے حوالے سے حکومتی حلقوں میں تشویش کے ساتھ چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ان کی وطن واپسی کی خبریں ایک ایسے وقت میں آئی ہیں جب مارچ میں ہونے والے سینیٹ کے انتخاب کے تناظر میں اپوزیشن بالخصوص پنجاب کے صوبائی ارکان کی وابستگیاں تبدیل ہونے کی خبریں آ رہی ہیں اور اس ضمن میں اپوزیشن حکومتی اقدامات پر الزامات لگاتے ہوئے مسلسل اپنے احتجاج اور اور تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ 2018ء کے انتخابات میں اپنی جماعت کیلئے غیر معمولی کردار ادا کرنے پر بالخصوص آزاد اور دیگر جماعتوں کے ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے حوالے سے بھی جہانگیر ترین کے ذاتی جہاز کا ذکر مسلسل خبروں میں رہا ہے۔ جہانگیر ترین کی وطن واپسی کی خبروں کے حوالے سے حکومتی حلقوں میں یہ موضوع زیر بحث ہے کہ جہانگیر ترین جو اپنی جماعت کے قائد اور ذاتی دوست سے شاکی اور نالاں ہیں پنجاب کی سیاست میں ان کا کردار کس پلڑے میں ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 896226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش