QR CodeQR Code

بلاول بھٹو زرداری کے تہلکہ خیز انٹرویو پر سندھ حکومت کی وضاحت آگئی

6 Nov 2020 21:24

وضاحتی بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ہمارا متفقہ پلیٹ فارم ہے، اتفاق رائے سے آگے بڑھے گا، پیپلز پارٹی دھاندلی کے مسائل کا سامنا کرتی آرہی ہے، اس ملک کا مسئلہ صرف ایک الیکشن کی انکوائری سے حل نہیں ہوتا، ہمیں ٹرتھ اور ری کنسی لیئشن کمیشن کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے انٹرویو پر وضاحت کردی۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے واضح کیا ہے کہ بلاول بھٹو کے دیئے گئے انٹرویو کو پورا پڑھا جائے، چیئرمین کا مؤقف ہیڈلائینز سے واضح نہیں ہوتا۔ وضاحتی بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ہمارا متفقہ پلیٹ فارم ہے، اتفاق رائے سے آگے بڑھے گا، پیپلز پارٹی دھاندلی کے مسائل کا سامنا کرتی آرہی ہے، اس ملک کا مسئلہ صرف ایک الیکشن کی انکوائری سے حل نہیں ہوتا، ہمیں ٹرتھ اور ری کنسی لیئشن کمیشن کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جو بھی نام لئے اس کے پارٹی کے پاس ثبوت تھے، ہمارے حساب سے شک اور ثبوت میں بڑا فرق ہے، ہم نے بھی ثبوت کے ساتھ نام اور کردار واضح کئے تھے، نواز شریف کوئی بھی بات ثبوت کے بغیر نہیں کہیں گے، پی ڈی ایم کا ایجنڈا متفقہ ہے اور اسی پر جدوجہد جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ گوجرانولہ جلسے میں فوجی قیادت کا نام لینا نواز شریف کا ذاتی فیصلہ تھا، انتظار ہے نواز شریف کب ثبوت پیش کریں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر میں براہ راست نام سنے تو دھچکا لگا، میرے لئے دھچکا تھا کیونکہ عام طور پر ہم اس طرح کی بات نہیں کرتے، نواز شریف کی اپنی جماعت ہے اور میں یہ کنٹرول نہیں کرسکتا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ڈی ایم ایجنڈے کی تیاری کے وقت ن لیگ نے نام نہیں لئے تھے، بحث تھی کہ الزام ایک ادارے پر لگانا چاہیئے یا پوری اسٹیبلشمنٹ پر، اتفاق ہوا تھا کسی ادارے کا نام نہیں صرف اسٹیبلشمنٹ کہا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 896287

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/896287/بلاول-بھٹو-زرداری-کے-تہلکہ-خیز-انٹرویو-پر-سندھ-حکومت-کی-وضاحت-آگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org