0
Saturday 7 Nov 2020 22:56

جس علی بابا چالیس چور کی بات وزیراعظم کنٹینر پر کرتے تھے آج وہ انکی کابینہ میں موجود ہیں، امیر العظیم 

جس علی بابا چالیس چور کی بات وزیراعظم کنٹینر پر کرتے تھے آج وہ انکی کابینہ میں موجود ہیں، امیر العظیم 
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ اشتہاروں کو دیکھ کر ووٹ دیں گے تو اشتہاری ہی آئیں گے، جس روز اشرافیہ کے خزانے عوام پر خرچ ہونگے، اس دن پاکستان میں انقلاب آئے گا، جماعت اسلامی خدمت، امانت، دیانت اور صداقت کی وجہ سے حکومت اور اپوزیشن سے الگ جماعت ہے، نیب کو مطلوب اپوزیشن اور حکومت کے افراد ہیں، جماعت اسلامی نیب زدہ نہیں، بنک ڈیفالٹر حکومت اور اپوزیشن کے افراد ہیں، جماعت اسلامی کا کوئی فرد ڈیفالٹر نہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ دیگر جماعتوں سے منفرد ہیں، میں پاکستانی عوام اور نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ اگر جماعت اسلامی کو تلاش کرنا ہے تو خدمت کے میدانوں میں تلاش کریں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں جے آئی یوتھ کی تقریب حلف برداری و شمولیتی کنونشن سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب کورونا کی وبا میں حکومت اور اپوزیشن گھروں میں تھی، جماعت اسلامی کا کارکن آپ کی خدمت میں مصروف تھا، مسجد سے مندر، گرجا گھروں تک صرف جماعت اسلامی کے کارکنان نے بغیر کسی رنگ و نسل کے امتیاز کے خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ ہمارا ہراول دستہ ہے، جماعت اسلامی کوئی موروثی جماعت نہیں یہ پاکستان کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو  محمد ظفر، امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی، رسل خان بابر، فیضان جہانگیر، معاذ امجد، اسرار حسین اور حسان اخوانی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نائب صدر جے آئی یوتھ پاکستان رسل خان بابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مزید تجربات برداشت نہیں کرسکتا، ہم ایسی تبدیلی کو نہیں مانتے جو ظلم و زیادتی کی بنیاد پر قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نظام کو ہم جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، ہم پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، جہاں ظلم کا نظام نہ ہو جہاں عدلیہ اور فیصلہ آزاد ہوں، جہاں مظلوم کی دادرسی ادارے کریں اور ظالم کا گریبان اداروں کے ہاتھ میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہاں الٹی گنگا بہتی ہے مظلوم در در کے دھکے اور ظالم کھلے عام دندنا رہا ہے، لیکن اب جے آئی یوتھ ایسا نظام نہیں چلنے دے گی، ہمارا نوجوان جماعت اسلامی کا بلدیاتی امیدوار ہوگا۔ جو اپنے علاقہ میں مظلوم کی خدمت اور عوام کا خادم ثابت ہوگا۔ 
خبر کا کوڈ : 896510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش