1
Saturday 7 Nov 2020 23:22

جواد ظریف کا دورۂ کیوبا، صدر ڈیازکانل اور وزیر خارجہ پریلا کیساتھ گفتگو

جواد ظریف کا دورۂ کیوبا، صدر ڈیازکانل اور وزیر خارجہ پریلا کیساتھ گفتگو
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف لاطینی امریکہ کے اپنے دورے کے دوران کیوبا پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے صدر میگوئل ماریو ڈیازکانل (Miguel Mario Díaz-Canel Bermúdez) اور وزیر خارجہ برونو ایڈوارڈو روڈریگوئز پریلا (Bruno Eduardo Rodríguez Parrilla) کے ساتھ گفتگو اور ملاقات کی ہے۔ محمد جواد ظریف نے اپنے دورۂ لاطینی امریکہ کے دوسرے مقصد کیوبا کے دوران اپنے کیوبن ہم منصب کے ساتھ بالمشافہ ملاقات اور کیوبن صدر کے ساتھ ویڈیو لنک پر گفتگو کی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کیوبا کے صدر کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں اقوام متحدہ میں ایران کی حمایت کرنے پر کیوبا کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی صدر کی جانب سے انہیں ایران کے دورے کی دعوت دی۔

دوسری طرف کیوبن صدر میگوئل ماریو ڈیازکانل نے ایران پر عائد غیر قانونی امریکی پابندیوں کے خلاف اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے پرامن جوہری ٹیکنالوجی سے استفادے کے ایرانی حق پر تاکید کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں مزید توسیع پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے کرونا وائرس سمیت انواع و اقسام کی ویکسین کی تیاری کے لئے اپنی جانب سے وسیع تعاون کی فراہمی پر آمادگی کا اظہار بھی کیا۔ توانائی اور تیل کی صنعت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی توسیع کا موضوع بھی دونوں فریقوں کے درمیان زیربحث آیا۔

ایرانی وزیر خارجہ کے دورۂ کیوبا کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے مسئلۂ فلسطین کی کھلی حمایت پر اتفاق کیا گیا اور توانائی، نینو ٹیکنالوجی اور بائیوٹیکنالوجی کے میدانوں میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع باہمی تعاون پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اپنی ملاقات میں لاطینی امریکہ و مشرق وسطیٰ کے مسائل میں دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔ محمد جواد ظریف نے شہر ہوانا میں قائم 2 طبی و فارماسیوٹیکل تحقیقاتی مراکز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کووڈ-19 سمیت انواع و اقسام کی ویکسین کی تیاری کے حوالے سے حاصل ہونے والی تازہ ترین پیشرفت کا جائزہ لیا۔
خبر کا کوڈ : 896516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش