0
Saturday 7 Nov 2020 23:26

پی ڈی ایم کا ملتان میں ہونیوالا جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، نوابزادہ افتخار احمد 

پی ڈی ایم کا ملتان میں ہونیوالا جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، نوابزادہ افتخار احمد 
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی نواب زادہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے 53ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں ملتان میں پی ڈی ایم کا تاریخ ساز جلسہ ہوگا، جس میں یوم تاسیس کا کیک کاٹا جائے گا، 30 نومبر کو پی ڈی ایم کے جلسہ کی کامیابی کے سلسلے میں پیپلزپارٹی میں ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں 11 نومبر کو رحیم یار خان میں بہاولپور ڈویژن، 13 نومبر کو کوٹ ادو میں ڈی جی خان ڈویژن، 14 نومبر کو ملتان ڈویژن کا کہروڑپکا میں ورکرز کنونشن منعقد ہوں گے۔ کنونشن کی صدارت پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود کریں گے، مہمان خصوصی سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ہوں گے۔

گلگت بلتستان میں وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پری پول دھاندلی کا سلسلہ جاری ہے، لیکن الیکشن کمیشن سمیت کوئی نوٹس نہیں لے رہا ہے، پی ڈی ایم کے جلسہ میں الگ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کی آواز اٹھائیں گے، 28 نومبر کو پیپلزپارٹی ملتان ڈویژن کے انفارمیشن سیکرٹری ایم سلیم راجہ کے زیراہتمام بلاول بھٹو کو خوش آمدید کہنے کے لیے مشعل برداری ریلی نواں شہر چوک سے پریس کلب تک شام 6 بجے نکالی جائے گا، جس کی قیادت پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی نواب زادہ افتخار احمد خان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی ملتان ڈویژن کے انفارمیشن سیکریٹری ایم سلیم راجہ و دیگر رہنماوں کے ہمراہ پارٹی سیکریٹریٹ ایم ڈی اے چوک پر منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔

نواب زادہ افتخار احمد خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اڑھائی سالوں کے دوران اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں ہی کر رہی ہے، نہ کہ عوام کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں۔ آٹا، چینی چور مافیا سلیکٹڈ وزیراعظم کے دائیں بائیں بیٹھے ہوئے ہیں، لیکن ان کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی، آئے روز بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ادویات کی قیمتیں آسمانوں تک پہنچ گئی ہیں، کسان بدحالی کا شکار ہوچکے ہیں، اپوزیشن کے اگر 40 سے 50 اراکین اسمبلی میں عوام کے حقوق کی آواز اٹھائیں تو وزیراعظم خطاب کئے بغیر اسمبلی سے واک آوٹ کر جاتے ہیں، الگ صوبہ جنوبی پنجاب کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے۔

پی ڈی ایم کے جلسہ میں الگ صوبہ جنوبی پنجاب کی آواز اٹھائیں گے، پیپلزپارٹی آج بھی الگ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے لئے تعاون کرنے کو تیار ہے، لیکن حکومت تعاون کرنے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی صورتحال یہ ہے کہ انٹرنیشنل ٹرانسپرنسی رپورٹ کے مطابق 72 سالوں کے دوران اتنی کرپشن نہیں ہوئی، جتنی موجودہ حکومت کے دور میں ہو رہی ہے، اداروں کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، لیکن حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، جلسہ میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ثابت کر دے گا کہ عوام موجودہ حکمرانوں کی عوام کش پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 896520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش