QR CodeQR Code

عوام ظالم حکومت سے نجات چاہتے ہیں، اعجاز ہاشمی

8 Nov 2020 18:41

لاہور میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ اپنے حقوق کیلئے دھرنا دینے والے کسانوں پر پولیس تشدد کے نتیجے میں پاکستان کسان اتحاد کے رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کی موت ریاستی ظلم ہے لیکن حکمران یاد رکھیں امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے فرمان کے مطابق کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے،مگر ظلم کی نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ کاشتکاروں سمیت معاشرے کا ہر طبقہ موجودہ حکومت کی ظالمانہ معاشی اور سیاسی پالیسیوں سے تنگ ہے، کرپٹ مافیا کے مفادات کیلئے بنائی جانیوالی پالیسیوں کی وجہ سے غریب، متوسط طبقہ اور امیر سرمایہ دار سب عمران حکومت سے تنگ ہیں، عوام ظالم حکومت سے نجات چاہتے ہیں مگر افسوس ہے کہ جو کوئی بھی اپنے حقوق کی بات کرتا ہے، اس پر ظلم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف، سماجی معاشی حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی بات کرنیوالوں کو غدار اور کرپٹ قرار دینے کی ناروا بدعت شروع کی گئی ہے، یہ روش ختم ہونی چاہئے۔

لاہور میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اپنے حقوق کیلئے دھرنا دینے والے کسانوں پر پولیس تشدد کے نتیجے میں پاکستان کسان اتحاد کے رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کی موت ریاستی ظلم ہے لیکن حکمران یاد رکھیں امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے فرمان کے مطابق کفر کی حکومت تو قائم رہ سکتی ہے،مگر ظلم کی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ وہ کسان جو پورے ملک کی غذائی ضروریات کیلئے گندم، چینی، دالیں، سبزیاں، گوشت اور دودھ مہیا کرتا ہے اسے حقوق مانگنے پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ ظالمانہ اور آمرانہ سوچ کی عکاس ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام بالخصوص کسان طبقے کی فلاح و بہبود اور زراعت کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے حکومت سے کسانوں کے مطالبات تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافہ اور کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ ٹیوب ویل کیلئے استعمال ہونیوالی بجلی پر سبسڈی دی جائے تاکہ کسان اپنے بچوں کا پیٹ پال سکے اور ملک کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔


خبر کا کوڈ: 896613

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/896613/عوام-ظالم-حکومت-سے-نجات-چاہتے-ہیں-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org