QR CodeQR Code

وفاقی وزراء کے انتخابی جلسوں کیخلاف پیپلزپارٹی کا الیکشن کمیشن سے رجوع

8 Nov 2020 22:26

سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور وزراء سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے گلگت بلتستان جا کر وعدے کر رہے ہیں اور انتخابی مہم چلا رہے ہیں، یہ دورے واضح طور پر قبل از وقت دھاندلی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کے جلسے کرنے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔ پی پی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور وزراء سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے گلگت بلتستان جا کر وعدے کر رہے ہیں اور انتخابی مہم چلا رہے ہیں، یہ دورے واضح طور پر قبل از وقت دھاندلی ہے، اس کیخلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ شیری رحمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اگر وزیراعظم کو کلین چٹ دی ہے تو یہ باعث تشویش ہے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات پندرہ نومبر کو ہو رہے ہیں، وفاقی وزراء کی جانب سے جی بی میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور تمام حلقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ روز چیف کورٹ گلگت نے ایک رٹ پیٹیشن پر فیصلہ دیتے ہوئے اراکین قومی اسمبلی اور وفاقی وزراء کو تین دن کے اندر گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم نامے کو تین روز گزر چکے ہیں تاہم حکومتی اراکین اور ممبران قومی اسمبلی بدستور گلگت بلتستان میں موجود ہین اور انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے چیف کورٹ کے فیصلے کو سپریم اپیلیٹ کورٹ میں چینلچ کر دیا ہے۔ پی پی کا موقف ہے کہ بلاول کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں، اس لیے وہ پابندی کی زد میں نہیں آتے۔


خبر کا کوڈ: 896629

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/896629/وفاقی-وزراء-کے-انتخابی-جلسوں-کیخلاف-پیپلزپارٹی-کا-الیکشن-کمیشن-سے-رجوع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org