0
Sunday 8 Nov 2020 22:49

جلد انقلاب آئے گا، پیپلز پارٹی کے دور کا خاتمہ ہونے والا ہے، مصطفیٰ کمال

جلد انقلاب آئے گا، پیپلز پارٹی کے دور کا خاتمہ ہونے والا ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے میں 12 سال سے حکومت میں ہے اور انقلاب کی باتیں کر رہی ہے لیکن انقلاب اسی کے خلاف آئے گا۔ کراچی کے باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج پورے پاکستان میں مایوسی ہے، 70 برسوں میں ایسا وقت کبھی نہیں آیا، اتنی مایوسی کبھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے کہ قوم حکمرانوں سے بھی مایوس اور حکومت سے بھی مایوس ہے اور قوم ملک چلانے والوں سے ہر طرح سے مایوس ہیں، پاکستان میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال پہلے اس ملک میں تبدیلی کے نام پر حکومت آئی لیکن ڈھائی سال گزرنے کے باوجود انہیں یقین نہیں آرہا ہے کہ وہ الیکشن جیت گئے ہیں اور ملک کے حکمران بن گئے ہیں۔ سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ وہ آج بھی انتخابی مہم کی طرح حکومت چلا رہے ہیں، حکمران صبح شام چور چور اور اپوزیشن حکومت گرانے میں لگی ہوئی ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جو 11 جماعتیں پاکستان بھر میں احتجاج کررہی ہیں انہوں نے فیصلہ کیا کہ یہاں کر جلسہ کیا جائے، 18 اکتوبر کو اسی مقام پر پاکستان کی بڑی 11 جماعتیں آئیں اور سرکاری وسائل خرچ کئے اور جو جماعتیں آج بھی حکومت میں ہیں انہوں نے اپنے جوہر دکھائے اور اسی گراؤنڈ پر جلسہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے نام پر جلسہ کیا اور کوئی بھی کراچی کا نہیں تھا، ملک بھر سے لوگوں کو بلایا گیا، ایک بات اور ایک لفظ ہے عوام اور اس کے مسائل پر نہیں بولا گیا، 4 گھنٹوں کی تقاریر میں سارے رہنماؤں کی باتوں میں ایک ہی مدعا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کو اتارو اور ہمیں حکمران بنا دو۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کون کہہ رہا ہے حکمران بنادو اور اپوزیشن ہونے کا ڈرامہ کر رہا ہے، وہ جو آج بھی حکمران ہے اور اس جلسے کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری صاحب اس کی قیادت کر رہے تھے، پی پی پی اس صوبے میں 12 برسوں سے حکمران جماعت ہے اور وہ اپوزیشن کے ساتھ تحریک چلا رہی ہے۔

سابق سٹی ناظم کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری صاحب آپ کی ساری تقریروں سے ایسا لگتا ہے کہ آج آپ کے پاس ایک کونسلر نہیں اور کبھی حکمران نہیں بنے۔ چیئرمین پی پی پی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ یہ سب ڈرامے پورے پاکستان میں جلسوں میں کرتے رہتے لیکن آپ نے غلطی کردی اور کراچی میں آکر جھوٹ بولا ہے جس کا کراچی والے جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت 12 سال سے ہے، کراچی سے کشمور تک جو مسائل ہیں وہ تمہارے پیدا کردہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی انقلاب برپا کرنے کی باتیں کررہی ہے لیکن تمہارے خلاف انقلاب آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ابھی تک کتے کے کاٹنے کا مسئلہ ہی حل نہیں کرسکی۔

سابق سٹی ناظم کا کہنا تھا کہ مجھے چار سال کی نظامت میں 3 سو ارب روپے ملے، سگنل فری کوریڈور بنایا، 4 سو پارک بنائے، سمندر میں پانی کی لائن بچھا دی۔ چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ پی پی پی کو 10 سال میں 6 ہزار 694 ارب روپے این ایف سی ایوارڈ کی مد میں ملے ہیں لیکن یہ رقم عوام کے نام پر کھا گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تم نے صنعت کاروں کا بیڑا غرق کردیا، تم عوام کو گیس نہیں دیتے، بجلی نہیں دیتے، 12 سال میں شہریوں کو ایک قطرہ پانی نہیں دیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارا پانی ٹینکروں میں بھر کر ہمیں ہی بیچتے ہو، کراچی دنیا کا بدترین شہر ہوگیا ہےجہاں پانی اور سیوریج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 12 سال میں تم نے ایک بس نہیں دی اور اب کراچی کو بدترین ٹرانسپورٹ کا شہر قرار دیا گیا ہے، لاہور میں شان دار اورنج ٹرین چل رہی ہے، ہم پنجاب کے بھائیوں کی ترقی دیکھ کر خوش ہیں۔
خبر کا کوڈ : 896634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش