1
Sunday 8 Nov 2020 23:19

جواد ظریف بولیویا میں، صدر آرسہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت

جواد ظریف بولیویا میں، صدر آرسہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف وینزویلا اور کیوبا کے بعد لاطینی امریکہ کے اپنے چند روزہ دورے کے آخری مقصد بولیویا میں داخل ہو گئے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس دورے میں بولیویا کے نومنتخب صدر لوئس آرسہ (Luis Alberto "Lucho" Arce Catacora) کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور دنیا بھر سے اس تقریب میں شرکت کرنے والے دوسرے اہم مہمانوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ محمد جواد ظریف نے اس موقع پر جاری ہونے والے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ میں اس وقت جمہوریت کی بحالی کے لئے بولیویا کے عوام کی جانب سے کی جانے والی جدوجہد کا ثمر ملنے پر ان کے ساتھ خوشی میں شریک ہونے کے لئے لاپاز کے اندر موجود ہوں جہاں صدر آرسہ کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کروں گا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ خوشی میں سرشار لوگوں کی جانب سے آزادی و جمہوریت کی بحالی پر منائے جانے والے جشن کا مشاہدہ لاجواب ہے!


ایرانی وزیر خارجہ نے بولیویا کے دورے کے دوران نومنتخب صدر اور ان کے نائب سے ملاقات کی جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مزید گہرے دوستانہ تعلقات کی استواری پر زور دیا۔ محمد جواد ظریف نے اس ملاقات میں بولیویا کے نئے صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بولیویا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ دوسری طرف بولیویا کے صدر لوئس آرسہ نے بھی ایرانی وزیر خارجہ کی جانب سے اپنی حلف برداری کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ مضبوط اور گہرے دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے۔
 

محمد جواد ظریف نے اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ بولیویا کے نومنتخب صدر لوئس آرسہ اور نائب صدر ڈیوڈ چوکویہوانکہ کے ساتھ ملاقات ہوئی جس کے اندر میں نے اپنے ملک کی جانب سے انہیں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور قوم کو نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ، سیاسی و اقتصادی تعلقات کی استواری اور ان کی توسیع پر گفتگو کی گئی۔
 

ایرانی وزیر خارجہ نے اس ملاقات کے بعد سہ پہر کے وقت بولیویا کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کی۔
 

محمد جواد ظریف نے اپنے دورے کے دوران بولیوین نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے آئے اہم مہمانوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں جن میں شاہِ سپین، صدور مملکت پیراگوئے و کولمبیا، وزیر اعظم پیرو اور وزرائے خارجہ سپین، چلی و وینزویلا شامل ہیں۔ انہوں نے اس دوران چلی کے وزیر خارجہ اینڈریس ایلامینڈ زاوالا (Andrés Allamand Zavala) کے ساتھ ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کی توسیع پر بھی بات چیت ہوئی۔
 
 
خبر کا کوڈ : 896644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش