0
Monday 9 Nov 2020 02:27

قومی اداروں کی نجکاری سے ہزاروں افراد کے بےروزگار ہونے کا خدشہ ہے، علامہ باقر زیدی

قومی اداروں کی نجکاری سے ہزاروں افراد کے بےروزگار ہونے کا خدشہ ہے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے مختلف قومی اداروں کی نجکاری، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے جس منشور کا اعلان کرکے عوام سے مینڈیٹ حاصل کیا تھا، آج اس منشور کی معمولی سی جھلک بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہی، اسٹیل مل، ریڈیو اور دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین سے ان کی ملازمتیں چھین کر سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، ہوشربا مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، جس فلاحی ریاست کے خواب دکھائے گئے تھے اس کا کہیں وجود نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ آئے روز بجلی و گیس اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ عوام کے لئے ایک نا ختم ہونے والی اذیت بن چکا ہے، وزیراعظم کو یہ بات ذہن نشیں کرلینی چاہیئے کہ محض خوشنما وعدوں کے سہارے عوام کو نہیں بہلایا جا سکتا، عوام کا رہن سہن آسان بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری سے ہزاروں برسر روزگار افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے، اداروں کی ری اسٹرکچنگ اور اصلاحات کے نام پر لوگوں سے ان کا روزگار چھیننا ظلم ہے، جو ادارے بحران کا شکار ہیں ان میں اعلیٰ انتظامیہ کو بہترین بزنس پلان متعارف کرانا چاہیئے تاکہ انہیں نفع بخش بنایا جا سکے، ادارے اعلیٰ انتظامی افسران کی نااہلی کے باعث تنزلی کا شکار ہوتے ہیں جس کی سزا کارکنوں کو دینا ناانصافی اور ظلم ہے۔
خبر کا کوڈ : 896682
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش