0
Monday 9 Nov 2020 21:26

بلاتمیز مذہب و ملت انسانیت کی خدمت ہمارا منشور ہے، پروفیسر غلام محمد بٹ

بلاتمیز مذہب و ملت انسانیت کی خدمت ہمارا منشور ہے، پروفیسر غلام محمد بٹ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے کہا ہے کہ جمعیت بلا تمیز مذہب و ملت انسانیت کی خدمات کا سلسلہ یکساں طور جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی دنیا سکون و راحت کو ترس رہی ہے، دنیا مفادات کی جنگ لڑنے میں مصروف ہے، رنگ و نسل اور طبقاتی کشمکش کو بھی ہوا دی جارہی ہے۔ طاقتور زیر دستوں کے حقوق کو لتاڑنے اور انسانی حقوق کو روندنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں اسلام کا پیام امن و راحت ہی سسکتی انسانیت کے لئے زندگی فراہم کرسکتا ہے۔ پروفیسر بٹ تنظیم کی مرکزی مجلس مشاورت کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں لداخ، جموں اور وادی کے اطراف و اکناف سے آنے والے اراکین مشاورت نے شمولیت کی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث بلا تمیز مذہب و ملت انسانیت کی خدمات کا سلسلہ یکساں طور جاری رکھے گی اور اسلام کے پیغام امن و راحت کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی ترویج و اشاعت کا کام اپنے مراکز و مدارس و کلیات کے ذریعہ کرتی رہے گی اور اس کا شعبہ طب و صحت بھی عوام کی راحت رسائی کا کام جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا کہ جمعیت نے کرونا وائرس کے بیچ جو کام کیا وہ قابل سراہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ابھی مرا نہیں بلکہ ہرا ہے، اس لئے احتیاط اور حفاظتی تدابیر کا دامن کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیئے۔ انہوں نے فرانس میں ایک بار پھر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر فکر و اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مکروہ منصوبوں کا مقصد مسلمانوں کو نفسیاتی اور اعصابی لحاظ سے تناؤ کا شکار بنانے کے ساتھ ساتھ اُن کے قلوب کو چھلنی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ اجلاس اس قبیل کے لوگوں پر باور کرنا چاہتا ہے کہ پیغمبر اکرم (ص) کے ساتھ ہماری جذباتی شفقت اور محبت ہمارے ایمان کی دلیل ہے۔ ڈاکٹر الکندی نے کہا کہ سیرت نبوی (ص) کے پیغام کو عام کرنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جس میں انسانیت کی بقاء کا راز مضمر ہے۔
خبر کا کوڈ : 896801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش