0
Monday 9 Nov 2020 23:33

اعجاز شاہ کی عوامی نیشنل پارٹی کیخلاف متنازع بیان پر معذرت

اعجاز شاہ کی عوامی نیشنل پارٹی کیخلاف متنازع بیان پر معذرت
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے خلاف متنازع بیان پر معذرت کر لی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی قائدین سے ملاقات کی۔ اے این پی نے اعجاز شاہ کی جانب سے اپنے بیان پر معذرت اور وضاحت کے بعد جرگہ قبول کر لیا اور ساتھ ہی اسلام آباد احتجاجی مارچ کی کال بھی واپس لے لی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان کی بات کو غلط انداز میں لیا گیا، اس لئے وضاحت کے لئے جرگہ لیکر پہنچا ہوں، جس کو قبول کرنے پر اے این پی رہنماوں کا شکر گزار ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جلسہ جلوس پر کوئی پابندی نہیں، لیکن کورونا کے باعث جلسہ کرنے والوں کو خود سوچنا ہوگا۔ اے این پی کے رہنماء ایمل خان نے کہا کہ اعجاز شاہ نے معذرت کر لی ہے، اب معاملہ ختم ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے مطالبات واپس لے لیے ہیں اور 11 نومبر کو اسلام آباد میں جلسے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اے این پی نے جرگہ قبول کیا، جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان سے غلطی ہو اور معافی مانگے تو معاملہ ختم ہو جاتا ہے، جس معاملے سے غلط فہمی پیدا ہوئی تھی، وہ اب ختم ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے ہمارا احترام کیا، چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلقات اچھے رہیں۔
خبر کا کوڈ : 896857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش