0
Tuesday 10 Nov 2020 00:04

اسٹیبلشمنٹ کا کام حکمرانوں کا انتخاب کرنا نہیں، مشتاق خان

اسٹیبلشمنٹ کا کام حکمرانوں کا انتخاب کرنا نہیں، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا کام نتائج تبدیل کرنا اور حکمرانوں کا انتخاب کرنا نہیں۔ پاکستان کا مستقبل سافٹ مارشل لاء نہیں بلکہ عوامی حکومت اور آئین کی بالا دستی ہے۔ موجودہ حکومت اپنی مسلط کردہ مہنگائی کے خلاف خود جلسے کر رہی ہے، حکومت کے جلسوں میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے۔ ہم پرانے اور نئے چوروں کو نہیں چھوڑیں گے، سب کے گریبان میں ہاتھ ڈالیں گے۔ عمران خان نے چین سے بھی بڑی کابینہ بنائی ہے لیکن کوئی ترقی نہیں ہورہی۔ عمران خان نے اپنے گرد تازہ دم چوروں اور لٹیروں کو جمع کرلیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کالج گراؤنڈ سواڑی میں جماعت اسلامی ضلع بونیر کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے جماعت اسلامی ضلع بونیر کے امیر محمد حلیم باچا، عبدالغفار اور ضلعی قیادت نے خطاب کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ حکومت نے خیبر پختونخوا کے بجلی کے خالص منافع، گیس کی رائلٹی سمیت این ایف سی میں کوئی حصہ نہیں دیا۔ صوبے اور مرکز میں ایک ہی پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود خیبر پختونخوا کا حقوق سے محروم رہنا افسوسناک اور شرمناک ہے۔ صوبائی حکومت نے صوبے کے حقوق پر سودا بازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں مدرسے میں شہید ہونے والے قوم کے بچے تھے۔ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور گورنر سمیت کسی کو بھی توفیق نہیں ہوئی کہ وہاں کا دورہ کرتے اور لواحقین کی داد رسی کرتے۔ دھماکے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے اطلاع کے باوجود مدرسے کو سیکورٹی فراہم نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ فرانس میں نبی پاک ؐ کے گستاخانہ خاکوں سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ پاکستانی حکمران اس پر بھی عوام کے جذبات کی ترجمانی سے قاصر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 896865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش