1
Monday 9 Nov 2020 23:59

ہیلی کاپٹروں کی تیاری اور دیکھ بھال کے حوالے سے ایرانی استعداد حیرت انگیز ہے، صیہونی اخبار

ہیلی کاپٹروں کی تیاری اور دیکھ بھال کے حوالے سے ایرانی استعداد حیرت انگیز ہے، صیہونی اخبار
اسلام ٹائمز۔ معروف صیہونی اخبار نے ملک کے اندر جدید ترین ہیلی کاپٹروں کی تیاری اور ان کی اوورہالنگ کے حوالے سے ایرانی اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ انواع و اقسام کے جدید ہیلی کاپٹروں کی تیاری اور ان کی اوورہالنگ کے حوالے سے ایرانی استعداد حیرت انگیز ہے۔ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں ایران کے اندر چینوک، بیل اور کوبرا ہیلی کاپٹروں سمیت انواع و اقسام کے ہیلی کاپٹروں اور ایرانی ایئرکرافٹ مینوفیکچرنگ کمپنی (ہسا) کی موجودگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ ایران جدید ہیلی کاپٹر تیار کرنے کی پوری استعداد رکھتا ہے۔ صیہونی اخبار نے لکھا کہ 70 کی دہائی سے ایران میں باقی رہ جانے والے امریکی ہیلی کاپٹروں کی دیکھ بھال اور ان کی کامیاب پروازیں اس ملک کی حیرت انگیز کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ اس اخبار کے مطابق ایران نے نہ صرف 70 کی دہائی میں باقی رہ جانے والے امریکی ہیلی کاپٹروں بلکہ پرانے بوئنگ اور روسی MI-17 ہیلی کاپٹروں کو بھی بخوبی محفوظ رکھا ہوا ہے۔



یروشلم پوسٹ کا لکھنا ہے کہ انواع و اقسام کے طیاروں، کشتیوں، بغیر پائلٹ کے طیاروں کے بڑے اسکاڈرن اور بیلسٹک میزائلوں کے میدان میں ایرانی سرمایہ کاری کا مقصد زیادہ سے زیادہ خودکفالت کا حصول ہے۔ اس اخبار نے مزید لکھا کہ ایران ملک کے اندر میزائلوں اور بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے والے طیاروں کی تیاری میں مہارت حاصل کر چکا ہے تاہم اعلی تکنیکی معلومات رکھنے کے باوجود پابندیوں اور اقتصادی مشکلات کے باعث بڑے ہیلی کاپٹروں، ٹینکوں اور طیاروں کی تیاری میں مشکلات کا شکار ہے۔ یروشلم پوسٹ نے اپنی رپورٹ کے آخر میں لکھا کہ اس صورتحال میں ایران اور دوسرے ممالک کی جانب سے ہونے والے مسلسل اعلانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ایران، جو اب (اسلحہ جاتی) پابندیوں سے بھی باہر نکل آیا ہے، اپنی اس صنعت کو ترقی دینا چاہتا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایران کی جانب سے انواع و اقسام کے میزائلوں اور ڈرون طیاروں پر مشتمل مستقل نمائشگاہ کے افتتاح پر بھی اس اخبار نے لکھا تھا کہ (ایرانی) سپاہ پاسداران نے پابندیوں کے دوران حاصل ہونے والی اپنی بہترین کامیابیوں کو نمائش میں رکھا ہے جو ثابت کرتی ہیں کہ ایران ہوائی لڑائی کے میدان میں ایک سپر پاور بن چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 896885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش