QR CodeQR Code

وزیراعظم کے بقول اگر مہنگائی مصنوعی ہے تو پھر یہ حکومت بھی منصوعی ہے، سراج الحق 

10 Nov 2020 21:36

منصورہ میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے دو اڑھائی سال میں جتنے وعدے اور دعوے کیے تھے، وہ سب نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں، وزیراعظم بڑے بڑے اعلانات کرنے کے بعد ان سے بڑے یوٹرن لیے اور قوم کو بتایا کہ بڑا لیڈر وہی ہوتا ہے جو بڑے یوٹرن لیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قوم کی تقدیر بدلنے کے دعوے دار وزیراعظم اڑھائی سال میں اپنی تقریر نہیں بدل سکے، وزیراعظم روزانہ کہتے ہیں نہیں چھوڑوں گا  لیکن پکڑتے ان کو بھی نہیں جو اردگرد بیٹھے ہوئے ہیں، اب وزیراعظم کہتے ہیں کہ اگلے اڑھائی سال ترقی کے ہیں حالانکہ گزشتہ800 دنوں سے بھی وہی وزیراعظم تھے، اس عرصہ میں مہنگائی اور بے روزگاری قابو سے باہر ہوگئی، بدامنی نے ہر طرف ڈیرے ڈال لیے، قوم مایوسی کے اندھیروں میں روشنی کی کوئی ایک کرن نہیں ڈھونڈ سکی، عوام کا استحصال ہوتا رہا، اب وزیراعظم نئے سبز باغ دکھا رہے ہیں، بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ایک بار پھر عوام پر سات ارب روپے کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی کو چھپا نہیں سکتی، وزیراعظم کے بقول اگر مہنگائی مصنوعی ہے تو پھر یہ حکومت بھی منصوعی ہے۔ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف جاری اپنی تحریک کے سلسلے میں 15 نومبر کو دیر پائین اور 22 نومبر کو سوات میں جلسہ ہائے عام کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے دو اڑھائی سال میں جتنے وعدے اور دعوے کیے تھے، وہ سب نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں۔ وزیراعظم بڑے بڑے اعلانات کر نے کے بعد ان سے بڑے یوٹرن لیے اور قوم کو بتایا کہ بڑا لیڈر وہی ہوتاہے جو بڑے یوٹرن لیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے وعدوں سے انحراف نے حکومت کی ساکھ ختم کر دی ہے اور اب وزرا اور وزیراعظم کے خوشنما اعلانات پر کوئی کان دھرنے کو تیار نہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے ہر وہ کام کیا جس کے نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن جن کاموں کے کرنے کا وعدہ کیا تھا ان میں سے کوئی ایک کام نہیں کر سکی۔ سابقہ حکومتوں میں ناکامیوں اور کرپشن کی داستانیں رقم کرنے والوں کو نہلا دھلا کر موجودہ حکومت میں بھرتی کر لیا گیا ہے۔ یہ لوگ اب عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔


خبر کا کوڈ: 897037

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/897037/وزیراعظم-کے-بقول-اگر-مہنگائی-مصنوعی-ہے-پھر-یہ-حکومت-بھی-منصوعی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org