0
Tuesday 10 Nov 2020 22:21

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی دو روزہ دورے پر پاکستان آمد

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی دو روزہ دورے پر پاکستان آمد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے ہمسایہ برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ کا پاکستان پہنچنے پر وزارت خارجہ کے حکام، پاکستان میں ایران کے سفیرسید محمد حسینی اور ایرانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ کے ہمراہ سیاسی و اقتصادی ماہرین پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی دورہ پاکستان پر آیا ہے۔ مہمان وزیر خارجہ کے ہمراہ ایران کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد ابراہیم طاہریان بھی ہیں۔ اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کل سے اپنی باقاعدہ ملاقاتوں کا آغاز کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی اپنے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات شیڈول ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرن کے وزیر خارجہ اپنے دورہ پاکستان میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ایک ایسے وقت میں پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جب کہ امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست ہو چکی ہے اور جوبائیڈن امریکہ کے نئے صدر منتخب ہوئے جو ڈیمو کریٹ ہیں۔ ماضی میں ایران کے ساتھ ڈیموکریٹ صدر بارک اوبامہ نے ایک ڈیل کی تھی جسے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسترد کردیا تھا جس کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان تعلقات نہایت کشیدہ ہو گئے تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 897056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش