QR CodeQR Code

پی ڈی ایم کے صرف 3 جلوسوں نے حکومت کے ایوانوں میں دراڑیں پیدا کر دی ہیں، یوسف رضا گیلانی 

10 Nov 2020 22:40

ملتان میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص پالسییوں سے نہ صرف عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے بلکہ حکومت داخلی، خارجی، معاشی طور پر تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے اور حکومت کو ڈنگ ٹپاو پالیسی پر چلایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر وائس چیئرمین و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکمران اقتدار میں رہنے کا اخلاقی اور سیاسی جواز کھو چکے ہیں، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کا حکومت کے خلاف ایک پیج پر جمع ہونا دراصل ملک کے کروڑوں عوام کی جانب سے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، حکومت کی ناقص پالسییوں سے نہ صرف عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے بلکہ حکومت داخلی، خارجی، معاشی طور پر تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے اور حکومت کو ڈنگ ٹپاو پالیسی پر چلایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ جس میں علی قاسم گیلانی، عبدالرحمن کانجو، خواجہ رضوان عالم، نواب زادہ افتخار احمد خان، عبدالقادر شاہین، ندیم قریشی، پیر فیاض شاہ، عبدالرحیم گجر، ڈاکٹر اشرف، زین العابدین، شیخ طارق رشید، نوید عامر جیوا، ڈاکٹر جاوید صدیقی، مولانا صفی اللہ، خالد محمود قریشی، ملک سلیمان، محمد ایازالحق قاسمی، اسامہ عبدالکریم، رانا شبیر الہیٰ سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوں نے کہا کہ حکومت مافیاز چلا رہے ہیں، جو ذخیرہ اندوزی کرکے خود ساختہ اناج کی قلت کرکے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو خوشحالی کے خواب دکھانے والوں نے عوام کی زندگی کو ڈراونا خواب بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے حقوق کو غضب اور زندگی کو اجیرن بنانے والوں کے خلاف نکل کھڑی ہوئی ہے، پی ڈی ایم کے صرف تین جلوسوں نے حکومت کے ایوانوں میں دراڑیں پیدا کردی ہیں، 30 نومبر کو ملتان میں ہونے والا جلسہ حکومت کی گرتی ہوئی دیواروں کو آخری دھکا ثابت ہوگا کیونکہ یہاں کے عوام کا ماضی گواہ ہے کہ انہوں نے ہر آمر اور نااہل حکومت کے خلاف اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس میں شریک پی ڈی ایم کے تمام رہنماوں پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں طے پایا گیا کہ 30 نومبر کو ملتان کا جلسہ قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم پر دن ایک بجے دوپہر ہوگا، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 897059

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/897059/پی-ڈی-ایم-کے-صرف-3-جلوسوں-نے-حکومت-ایوانوں-میں-دراڑیں-پیدا-کر-دی-ہیں-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org