QR CodeQR Code

کراچی سرکلر ریلوے، پہلی ٹرین کب چلے گی؟ تاریخ کا اعلان ہوگیا

14 Nov 2020 16:37

ابتدائی طور پر کے سی آر کو پپری سے براستہ لانڈھی، اورنگی تک چلایا جائے گا، دن میں 4 ٹرینیں پپری اور 4 اورنگی سے روانہ کی جائیں گی، اوقات صبح 7 اور 10 بجے اور دوپہر میں 1 اور 4 بجے ہوں گے، مکمل سفر 60 کلومیٹر کا کرایہ 50 روپے ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی سرکلر ریلوے کے انتظامات تاحال نا مکمل ہیں، اس منصوبے کے تحت اب پہلی ٹرین 16 نومبر کی بجائے 19 نومبر کو چلے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے 16 نومبر کی بجائے 19 نومبر سے کراچی سرکلر ریلوے کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز کر رہا ہے، افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوگی، جس کے مہمان خصوصی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ہوں گے۔ منصوبے کے تحت پہلی ٹرین انیس نومبر کو پپری مارشلنگ یارڈ سے صبح 7 بجے روانہ ہوگی۔ ابتدائی طور پر کے سی آر کو پپری سے براستہ لانڈھی، اورنگی تک چلایا جائے گا، دن میں 4 ٹرینیں پپری اور 4 اورنگی سے روانہ کی جائیں گی، اوقات صبح 7 اور 10 بجے اور دوپہر میں 1 اور 4 بجے ہوں گے، مکمل سفر 60 کلومیٹر کا کرایہ 50 روپے ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹی اسٹیشن سے اورنگی ٹاؤن تک 14 کلومیٹر ٹریک مکمل بحال نہیں ہوسکا ہے، اسٹیشنز تاحال بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، ٹکٹ بھی ٹرین کے اندر سے ٹکٹ چیکر سے ملے گا۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریک کے راستوں میں پھاٹک بھی نہیں لگائے جا رہے، گلبائی اور دیگر کئی مقامات پر روڈ کی کراسنگ پیچیدہ مسئلہ بن گیا ہے، کراسنگ کے مقامات پر عارضی طور پر رسی یا زنجیر سے ٹریفک کو روکنا ہوگا۔

دریں اثنا، پہلی ٹرین پپری سے اورنگی کا سفر 2 گھنٹے 50 منٹ میں طے کرے گی، ٹرین براستہ ایئر پورٹ کراچی سٹی وزیر مینشن سے اورنگی پہنچے گی، جب کہ پپری سے اورنگی تک 21 اسٹاپ ہوں گے، ٹرین ہر اسٹاپ پر ایک منٹ رکے گی۔ ابتدائی طور پر سرکلر ٹرین اپ اینڈ ڈاؤن دن میں 4 دفعہ چلائی جائے گی۔ دوسری طرف تشویش ناک امر یہ ہے کہ سٹی اسٹیشن سے اورنگی ٹاؤن تک بیش تر لیول کراسنگز پر پھاٹک موجود نہیں ہیں، گلبائی چوک پر ٹرین 200 میٹر کا فیصلہ بغیر پھاٹک کے عبور کرے گی۔ سرکلر ریلوے کا ٹریک کئی مقامات پر انتہائی مخدوش اور خطرناک بھی ہے جس پر تاحال توجہ نہیں دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 897793

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/897793/کراچی-سرکلر-ریلوے-پہلی-ٹرین-کب-چلے-گی-تاریخ-کا-اعلان-ہوگیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org