0
Saturday 14 Nov 2020 20:13

جنسی تشدد کا ہر واقعہ بربریت و درندگی میں پہلے واقعات کو پیچھے چھوڑ جاتا ہے، علامہ باقر زیدی

جنسی تشدد کا ہر واقعہ بربریت و درندگی میں پہلے واقعات کو پیچھے چھوڑ جاتا ہے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے کشمور کے انسانیت سوز واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس درندگی کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قصور اور دیگر شہروں میں عصمت دری اور قتل کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کے قاتلوں کو عبرت ناک سزا ملتی تو ایسے ملزمان کو حوصلہ نہ ملتا، وطن عزیز میں جنسی تشدد کا رونما ہونے والا ہر اگلا واقعہ بربریت و درندگی میں پچھلے واقعات کو پیچھے چھوڑ جاتا ہے، درندہ صفت عناصر پر قانون کی کمزور گرفت اور سزاؤں میں غیر ضروری طوالت نے مجرمان کے حوصلے بلند کر رکھے ہیں، کشمور سانحہ میں ملوث افراد عبرتناک سزاؤں کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عصمت دری کے واقعات کی روک تھام کے لئے مؤثر قانون سازی کے ساتھ ساتھ اس پر فوری عمل درآمد انتہائی ضروری ہے، حکومت ایسے درندوں کو سرعام پھانسی دینے کے لئے قانون وضع کرے، تاکہ دیکھنے والوں کو عبرت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنسی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات عدم تحفظ کے احساس میں اضافے کا باعث ہیں، جس نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے، حکومت ان پر قابو پانے کے لئے اقدامات کرے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے مذموم عناصر کو آہنی شنکجے میں لینا ہوگا۔ علامہ باقر عباس زیدی نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکار اور ان کی بیٹی کے کردار کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 897814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش