0
Saturday 14 Nov 2020 19:37

آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے، امیر حیدر خان ہوتی

آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے، امیر حیدر خان ہوتی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ قوم کو نہ گھبرانے کی رٹ لگانے والے کو اب ہم کہنا چاہتے ہیں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ کو سیاست سے باہر کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بن چکا ہے اور آپ بہت جلد گھر جانے والے ہیں۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت سلیکٹڈ ہے اور پہلا مطالبہ اس حکومت کے گھر جانے کا ہے، دوسرا مطالبہ ملک کے اندر بغیر کسی مداخلت کے صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ بڈھ بیر پشاور میں اے این پی کے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ پشتونوں کو ان کے جائز حقوق دلوانے کیلئے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ نکل رہے ہیں، پی ڈی ایم کے راستے تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر نیا متفقہ میثاق جلد تشکیل دے گی، جس پر تمام اپوزیشن پارٹیوں کے دستخط ہوں گے، نئے میثاق میں عوام کے حقوق، جمہوریت کی اصل معنوں میں بحالی اور عوام کے حق حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی نے خیبر پختونخوا میں برسر اقتدار آنے کے بعد کئی چیلنجز کے باوجود نہ صرف پختونوں کو اپنی شناخت دی بلکہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کی شکل میں تمام چھوٹی قومیتوں کو انکے حقوق دلائے، موجودہ حکومت کی یہ حالت ہے کہ نہ صرف ترقیاتی منصوبے قرض لے کر شروع کئے جا رہے ہیں بلکہ حکومت کے پاس تنخواؤں کے پیسے بھی نہیں ہیں، ہماری حکومت میں ہم نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے قرضے نہیں لئے۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں خلائی مخلوق نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا، ہمارا مینڈیٹ اس لئے چوری کیا گیا کہ پختونخوا کو اپنے حقوق سے محروم رکھنے کیلئے پی ٹی آئی کو دوتہائی اکثریت دلائی جائے، یہ سب کچھ اس لئے کیا گیا کہ پختون قیادت کو سیاست کے میدان سے باہر کیا جائے، کپتان کو لانے والے دیکھ لیں کہ ہم پہلے سے زیادہ میدان میں موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 897815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش