0
Sunday 15 Nov 2020 00:35

کس کا تخت، کس کا ڈھرن تختہ؟ گلگت بلتستان کے عام انتخابات آج

کس کا تخت، کس کا ڈھرن تختہ؟ گلگت بلتستان کے عام انتخابات آج
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 میں سے 23 نشستوں کیلئے پولنگ آج ہوگی اور عوام اپنے ووٹ کے ذریعے کل کا فیصلہ کرینگے۔ گلگت حلقہ تین میں انتخابات 22 نومبر کو ہونگے جہاں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سید جعفر شاہ کی اچانک رحلت کے بعد شیڈول چینج کیا گیا تھا۔ گلگت بلتستان کے سات لاکھ سے زائد ووٹرز  حق رائے دہی استعمال کرینگے جبکہ سوا لاکھ  ووٹرز پہلی مرتبہ ووٹ کاسٹ کرینگے۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ پورے صوبے میں  1161 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کیلئے پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان، جی بی پولیس اور رینجرز کے 13 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ پاک فوج کو سکیورٹی کے تیسرے حصار میں رکھا گیا ہے۔ جی بی الیکشن میں تحریک انصاف، پیپلزپارٹی، نون لیگ کا سخت مقابلہ ہے۔

کئی آزاد امیدوار اور مذہبی جماعتوں کے امیدوار بھی مقابلے کی پوزیشن میں ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق تمام حلقوں میں 10 فیصد خواتین کا ووٹ کاسٹ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اگر کسی حلقے میں خواتین کے 10 فیصد سے کم ووٹ کاسٹ کئے گئے تو اس حلقے کے نتائج کالعدم قرار دیئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ 2015 کے انتخابات میں مسلم لیگ نون نے واضح کامیابی حاصل کی تھی اور پارٹی کے صوبائی صدر حفیظ الرحمن وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ حفیظ کی حکومت جون میں ختم ہوگئی جس کے بعد نون لیگ کے اکثر وزیر پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔ اس وقت گلگت بلتستان میں پی پی اور تحریک انصاف کا سخت مقابلہ ہے، تین سے چار حلقوں میں نون لیگ کے امیدواروں کی پوزیشن مستحکم بتائی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں کل 33 نشتیں ہیں جن میں سے 24 نشستوں کیلئے براہ راست انتخابات ہوتے ہیں جبکہ خواتین کی 6 مخصوص نشتیں اور 3 ٹیکنوکریٹ سیٹیں مختص ہیں۔
خبر کا کوڈ : 897878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش