0
Sunday 15 Nov 2020 16:36

انڈیا ہمسایہ ممالک کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے، جاوید قصوری

انڈیا ہمسایہ ممالک کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے، جاوید قصوری
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ کی جانب سے انڈیا کی دہشتگردی کو بے نقاب کرنا درست اقدام ہے، ثبوت عالمی دنیا کے سامنے بھی پیش کئے جائیں، کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے گولہ باری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، نہتے اور معصوم شہریوں پر بھارتی فوج کی بھاری گولہ باری کھلم کھلا دہشتگردی ہے، ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت ایک فاشسٹ ریاست ہے جو آر ایس ایس کے ایجنڈے کی تکمیل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کی دہشتگردی کا نوٹس لیں، مودی حکومت کی انتہاپسندانہ سوچ کے باعث کوئی بھی ہمسایہ ملک اس کی شر انگیزی سے محفوظ نہیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلحے کی دوڑ میں شامل بھارت، خطے میں طاقت کا عدم توازن قائم کرکے دیگر ہمسایہ ممالک کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے، انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے، 467 روز گزر چکے ہیں، وادی میں فوجی محاصرہ قائم کیے ہوئے مگر دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ جس انداز میں کشمیری قوم نے بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کا مقابلہ کیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی، کشمیریوں کی تیسری نسل نے جدوجہد آزادی کشمیر کی تحریک کو اپنے لہو سے زندہ رکھا ہوا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد یونین ٹیریٹریز کا نظام قائم کرکے بھارت کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل رہا ہے۔ واضح ہوگیا ہے کہ بھارت کی حکومت جموں و کشمیر کو اسرائیل کی طرز پر غزہ کی پٹی میں تبدیل کرنا چاہتی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری قوم کو حق خود ارادیت دیا جائے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت نے 1947 سے کشمیریوں کے حقوق کو سلب کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 897967
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش