0
Monday 16 Nov 2020 01:17
نواز شریف ملتان جلسے سے ویڈیو لنک خطاب کریں گے 

حکمران جتنی گرفتاریاں کریں گے ہمارے احتجاج میں اتنی ہی تیزی آئیگی، پی ڈی ایم رہنما 

حکمران جتنی گرفتاریاں کریں گے ہمارے احتجاج میں اتنی ہی تیزی آئیگی، پی ڈی ایم رہنما 
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنمائوں نے اعلان کیا ہے کہ حکمران جتنی مرضی گرفتاریاں کرلیں یا کرونا سے ڈرا لیں جلسہ ہر صورت ہوگا اور پہلے سے زیادہ لاکھوں کی تعداد میں عوام شرکت کریں گے۔ اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں، ڈی جی نیب گوہر نفیس سرکاری ملازم کی طرح رہیں بنی گالہ کے خدمت گار نہ بنیں، سرکاری ملازمین کی لسٹیں بن رہی ہیں جو حکومتی احکامات پر اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیاں کر رہے ہیں، پولیس تحریک انصاف کا ونگ بن چکی ہے۔ قائد میاں نوازشریف ملتان کے جلسہ سے ضرور ویڈیو لنک خطاب کریں گے، روزانہ کی بنیاد پر پی ڈی ایم کے رہنما عوام کو تمام صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لئے میڈیا سے بات چیت کریں گے۔ گلگت بلتستان میں چار ماہ قبل پی ٹی آئی کا کوئی وجود نہیں تھا، جنوبی پنجاب میں جس طرح وفاداریاں تبدیل کی گئیں وہی طریقہ کار گلگت بلتستان میں اپنایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی ایم کے رہنماوں نواب زادہ افتخار احمد خان، عظمی بخاری، علی قاسم گیلانی، ڈاکٹر جاوید اختر، مولانا جمشید اجمل، اشرف قریشی ایڈووکیٹ، خواجہ رضوان عالم، راو ساجد علی، ایم سلیم راجہ، چوہدری محمد یسین، خواجہ عمران، قاری ہدایت اللہ نے پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی نواب زادہ افتخار احمد خان کی رہائش گاہ زکریا ٹاون میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

عظمی بخاری نے کہا کہ حکومت جتنی مرضی گرفتاریاں کرلے جلسہ بھی ہوگا اور سلیکٹیڈ حکمرانوں کو گھر کو بھی جانا پڑے گا۔ پارٹی رہنما ملک عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں جنہیں تیس سال پہلے پراپرٹی کے ٹرانسفر کیس میں گرفتار کیا گیا۔ ان کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ موجودہ حکومت کتنی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ حکومت اور نیب، اینٹی کرپشن، شراب، آٹا، چینی سمیت دیگر کیسز میں حکومتی رہنماوں کو تو گرفتار نہیں کر رہی ہے مگر تیس سال پرانے کیس میں ایک پارٹی کارکن کو چادر وچار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے انہیں گھر سے اٹھا لیا گیا۔ اینٹی کرپشن کو نیب کا ذیلی ادارہ بنا دیا گیا ہے۔ ان سرکاری ملازمین کی لسٹیں بن رہی ہیں جو اپوزیشن کے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہیں، جتنی گرفتاریاں کریں گے ہمارے احتجاج میں تیزی آئے گی۔ گوجرانوالہ، کوئٹہ، کراچی سے بڑھ کر جلسے ہوں گے۔ پرویز مشرف نے بھی مکا دکھایا تھا لیکن وہ عوامی ردعمل کے سامنے نہیں ٹھہر سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اراکین پر ابھی بھی پارلیمنٹ ہاوس، پی ٹی وی کیس موجود ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرونا اوپن سے نہیں پھیلتا بلکہ بند کمروں سے پھیلتا ہے اور حکومتی اراکین بند کمروں میں پی ڈ ی ایم کے خلاف اجلاس کر رہے ہیں انہیں کچھ نہیں ہوتا تو انشاءاللہ پی ڈی ایم کے جلسہ میں کسی کو بھی کچھ نہیں ہوگا۔

 ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قائد میاں نواز شریف ضرور جلسہ سے ویڈیو لنک خطاب کریں گے تاہم مریم نواز 30نومبر کے جلسہ سے پہلے آتی ہیں یا جلسہ والے دن ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا۔ پی ڈی ایم کے دیگر رہنماوں نے کہا کہ قائدین مولانا فضل الرحمن، مولانا ساجد میر کی ہدایت پر جلسہ کی کامیابی کے لئے بھرپور انداز میں تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ملتان کا جلسہ ثابت کرے گا کہ عوام موجودہ حکمرانوں کی عوام کش پالیسیوں سے کتنے تنگ آچکے ہیں اور اب صورتحال یہ ہے کہ وہ مہنگائی، یوٹیلیٹی بلز سمیت دیگر بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے خودکشیوں اور خودسوزیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 898020
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش