QR CodeQR Code

گلگت بلتستان انتخابات، بڑے بڑے برج الٹ گئے، تحریک انصاف کو برتری

16 Nov 2020 02:48

غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے 9 امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ 7 آزاد امیدواروں نے بھی میدان مار لیا۔ پیپلزپارٹی کو 4 سیٹیں مل سکیں۔ نون لیگ دو، ایم ڈبلیو ایم کو ایک سیٹ مل سکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ گئے ہیں، وفاداریاں تبدیل کرنے والے کئی الیکٹیبلز کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ دو سابق وزرائے اعلیٰ بھی شکست سے دو چار ہوگئے۔ عام انتخابات پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔ اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے جبکہ آزاد امیدوار دوسرے، پی پی تیسرے نمبر پر موجود ہے، غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے 9 امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ 7 آزاد امیدواروں نے بھی میدان مار لیا۔ پیپلزپارٹی کو 4 سیٹیں مل سکیں۔ نون لیگ دو، ایم ڈبلیو ایم کو ایک سیٹ مل سکی ہے۔ اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق بلتستان ڈویژن میں تحریک انصاف کو تین نشستیں ملی ہیں، پی پی کے حصے میں ایک ہی سیٹ آسکی ہے، دو آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ استور کی دونوں سیٹیں تحریک انصاف لے اڑی ہے جبکہ گلگت میں پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا ہے اور دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ دیامر میں ابھی تک پی ٹی آئی کے حصے میں ایک ہی سیٹ آسکی ہے جبکہ ایک سیٹ پر نون لیگ کو برتری حاصل ہے جبکہ ایک آزاد۔

ہنزہ کی سیٹ پی ٹی آئی کے حصے میں آئی جبکہ نگر کی ایک سیٹ پی پی دوسری سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔ غذر کی تین نشستوں میں سے پی ٹی آئی کو ایک ہی سیٹ مل سکی جبکہ ایک نشست پر قوم پرست امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے، نون لیگ کا ایک امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق سکردو حلقہ ایک سے پی ٹی آئی کے راجہ ذکریا خان نے پیپلزپارٹی کے سابق وزیراعلیٰ سید مہدی شاہ اور نون لیگ کے سابق وزیر حاجی اکبر تابان کو شکست دیدی۔ سکردو حلقہ دو میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار کاظم میثم کامیاب ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے سید محمد علی شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔ سکردو حلقہ تین میں سپیکر فدا محمد ناشاد کو آزاد امیدوار وزیر سلیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سکردو حلقہ چار میں آزاد امیدوار راجہ ناصر علی خان کامیاب ہوئے۔ کھرمنگ میں پی ٹی آئی کے امجد زیدی کامیاب ہوئے، شگر میں پی ٹی آئی کے راجہ اعظم خان نے پی پی کے عمران ندیم کو شکست دیدی۔

گانچھے میں پی پی کے محمد اسماعیل نے پی ٹی آئی کے شمس الدین کو ہرا دیا۔ گانچھے کی دوسری سیٹ آزاد امیدوار مشتاق حسین کے حصے میں آئی، پی ٹی آئی کے ابراہیم ثنائی دوسرے نمبر پر رہے۔ گانچھے حلقہ تین کی سیٹ بھی آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔ گلگت حلقہ ایک میں پی پی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے آزاد امیدوار مولانا سلطان رئیس کو ہرا دیا، گلگت حلقہ دو میں پیپلزپارٹی کے جمیل احمد نے پی ٹی آئی کے امیدوار فتح اللہ خان اور نون لیگ کے امیدوار و سابق وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن کو شکست دیدی۔ حفیظ الرحمن تیسرے نمبر پر رہے۔ نگر حلقہ ایک میں پی پی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے اسلامی تحریک کے ایوب وزیری کو شکست دیدی۔ نگر حلقہ دو میں آزاد امیدوار جاوید منوا کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار ذوالفقار علی مراد دوسرے جبکہ ایم ڈبلیو ایم کے حاجی رضوان تیسرے نمبر پر رہے۔ ہنزہ میں پی ٹی آئی کے عبیداللہ بیگ کامیاب ہوئے۔ ادھر غذر حلقہ ایک میں قوم پرست رہنما نواز خان ناجی نے پی پی، پی ٹی آئی اور نون لیگ کے امیدواروں کو شکست دیدی، غذر حلقہ دو میں پی ٹی آئی کے نذیر ایڈووکیٹ کامیاب ہوئے۔ حلقہ تین میں نون لیگ کے غلام محمد نے میدان مار لیا۔ دیامر کے تین حلقوں میں پی ٹی آئی اور نون لیگ کو ایک ایک نشست ملی ہے، ایک نشست پر آزاد امیدوار شاہ بیگ کامیاب ہوا ہے۔

گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں خلاف توقع نتائج دیکھنے کو ملے۔ بلتستان میں وفاداریاں تبدیل کرنے والے تین اہم ترین سیاسی کھلاڑیوں کو عوام نے مسترد کر دیا۔ سکردو حلقہ تین میں سپیکر فدا محمد ناشاد جو نون لیگ سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے، انہیں آزاد امیدوار وزیر سلیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گانچھے میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے نون لیگ کے سابق صوبائی وزیر ابراہیم ثنائی کو بھی آزاد امیدوار کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ سکردو حلقہ چار روندو میں سیاست کے پرانے کھلاڑے سمجھے جانے والے وزیر حسن کو بھی آزاد امیدوار کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ وزیر حسن پی پی سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔ دوسری پی پی کے سابق وزیراعلیٰ سید مہدی شاہ کو پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ ذکریا نے ہرا دیا۔ ادھر گلگت میں نون لیگ کے سابق وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن کو پیپلزپارٹی کے جمیل احمد نے شکست دیدی۔


خبر کا کوڈ: 898026

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/898026/گلگت-بلتستان-انتخابات-بڑے-برج-الٹ-گئے-تحریک-انصاف-کو-برتری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org