0
Monday 16 Nov 2020 03:34
30 نومبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا

جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کیلئے پی ڈی ایم کی مشترکہ جدوجہد رنگ لائیگی، یوسف رضا گیلانی

جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کیلئے پی ڈی ایم کی مشترکہ جدوجہد رنگ لائیگی، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملتان میں 30 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ ہر صورت ہوگا، جلسہ کی راہ میں رکارٹ نہ ڈالی جائے۔ پیپلز پارٹی جلسہ کی میزبانی کرے گی اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے جیالوں، متوالوں اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں و کارکنان کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔ جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کے لئے پی ڈی ایم کی مشترکہ جدوجہد رنگ لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ گیلانی ہاوس میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماوں کے ساتھ پی ڈی ایم کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ حکومت جتنی مرضی رکاوٹیں ڈال لے، جلسہ ہر صورت ہوگا۔ ہمیں ہر حوالے سے تیار رہنا ہوگا کہ حکومت کی جانب سے کوئی بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

ہمیں جلسہ کی تیاری کے انتظامات کو مکمل کرنا ہے کہ اگر حکومت گرفتاریاں کرتی ہے یا کوئی اور رکاوٹیں کھڑی کرتی ہے تو ہماری کوشش یہی ہونی چاہیئے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ جلسہ گاہ میں پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ مختلف سیاسی رہنماوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جو انتہائی قابل مذمت ہے، پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے جلسہ کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی ہے، امید ہے کہ ضلعی انتظامیہ جلسہ کی اجازت دیدے گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلسہ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر جلسہ کی کامیابی بارے ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جس میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا عوامی سمندر ہوگا۔

پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود نے کہا کہ ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ایک تاریخی ہوگا۔ اولیاء اللہ کی دھرتی ملتان سے اٹھنے والی حق کی آواز ہمیشہ فتح سے ہمکنار ہوتی ہے اور پی ڈی ایم کی تحریک بھی فتح سے ہمکنار ہوگی۔ عوام کو جلد خوشخبری ملے گی۔ مخدوم احمد محمود نے رانا ثناء اللہ سے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی پوری ٹیم جلسہ کے انتظامات کے سلسلے میں ان کے شانہ بشانہ ساتھ رہے گی۔ میں نے اپنے تمام عہدیداران کو کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے مشورے کے ساتھ جلسہ گاہ میں آنے والے تمام قائدین اور اپوزیشن جماعتوں کے تمام کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ جلسہ گاہ میں کوئی بدنظمی کی صورتحال پیدا نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 898029
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش