0
Monday 16 Nov 2020 16:35

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف کو بکتربند گاڑی میں جنرل اسپتال لاہور پہنچا دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے سینے میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں شہباز شریف کے سینے کا سی ٹی سکین کرایا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں  شہباز شریف اور دیگر شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تھی۔ عدالت نے شہبازشریف کی فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا تھا۔

احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے حمزہ شہباز اور شہبازشریف پر فرد جرم عائد کی تھی۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ ایک طرف آپ کہتے ہیں کہ کیس التوا کا شکار ہے، دوسری طرف آپ کہہ رہے ہیں کہ آج فرد جرم عائد نہ کریں۔ عدالت نے شہباز شریف کو فرد جرم پر درج سوالوں کے جواب دینے کی ہدایت بھی کردی تھی۔ جج نے کہا تھا آپ یہ سوالنامہ بیشک لے جائیں سکون سے بیٹھ کر اپنا جواب دے دیجیے گا۔ جج نے کہا تھا آپ کے انکار کی کاپی جمع کروا دیں تاکہ معمول کی کاروائی کا آغاز ہو۔ احتساب عدالت لاہور نے کیس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں جبکہ شہبازشریف اور ان کے دیگر اہلخانہ کے خلاف نیب تمام قانونی تقاضے پورے کر رہا ہے۔ نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف کے خلاف اسٹیٹ بینک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر انکوائری شروع کی گئی۔ شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں نے 9 انڈسٹریل یونٹس سے 10 برسوں میں مبینہ طور پر اربوں کے اثاثے بنائے۔ تحقیقات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے فرنٹ مین، ملازمین اور منی چینجرز کے ذریعے اربوں روپے کے اثاثے بنائے اور متعدد بے نامی اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی۔
خبر کا کوڈ : 898138
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش