0
Monday 16 Nov 2020 23:09

جماعت اسلامی نے پیٹرول قیمتوں میں معمولی کمی کو عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیدیا

جماعت اسلامی نے پیٹرول قیمتوں میں معمولی کمی کو عوام کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے پیٹرول قیمتوں میں معمولی کمی کو ناکافی اور مہنگائی ظلم و ناانصافی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف قرار دے دیا۔ اپنے ردعمل میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ عمران حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے پیٹرول قیمتوں میں مناسب کمی، عام آدمی کا معیار زندگی بہتر اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے کرپشن فری اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت کی جانب سے فی لیٹر ایک روپیہ 71 پیسے کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف ہے، 10 روپے فی لیٹر بڑھا کر 2 روپے کمی کرنا عوام پر کوئی احسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمت خرید سے ایک سو فیصد سے زائد ٹیکس وصول کر رہی ہے، مہنگائی اور معاشی ابتری کے باوجود حکومتی اعتراف کے مطابق اس وقت بھی حکومت 50 روپے سے زائد فی لیٹر پیٹرول پر ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ پر تو فوری طور پر عمل اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، مگر کمی کا کوئی فائدہ عوام تک نہیں پہنچتا، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کییلئے اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 898187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش