0
Monday 16 Nov 2020 23:39

ملتان، مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر رہا، کارکنوں کا والہانہ استقبال

ملتان، مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر رہا، کارکنوں کا والہانہ استقبال
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر رہا ہوگئے۔ اینٹی کرپشن کے سپیشل جج آصف مجید اعوان نے آج کیس کی سماعت کے بعد ملک عبدالغفار ڈوگر کو رہائی کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو ہدایت کی کہ پہلے وہ کیس کی انکوائری کریں اس میں اگر ملک عبدالغفار ڈوگر قصور وار ثابت ہوں تو پھر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک عبدالغفار ڈوگر کو ان کی رہائشگاہ سے علی الصبح گرفتار کیا گیا تھا۔ ملک عبدالغفار ڈوگر پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ایک کنال ایک مرلے کی جگہ پر جعلی کاغذات بنا کر قبضہ کیا ہوا ہے۔ ملک عبدالغفار ڈوگر کے وکلاء نے عدالت میں ثبوت پیش کئے کہ اس کیس کا فیصلہ کئی سال قبل ملک عبدالغفار ڈوگر کے حق میں ہوچکا ہے۔ عدالت میں ڈگری کا فیصلہ بھی پیش کیا گیا۔ ملک عبدالغفار ڈوگر کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ مدعی بشیر جس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہ ہے نے 14 نومبر کو ڈی سی کو درخواست دی جس پر ڈی سی نے اسی روز ڈی جی اینٹی کرپشن کو لاہور درخواست بھجوائی کہ کاروائی کی اجازت دی جائے اور اسی روز اجازت مل گئی جو کہ عام حالات میں ممکن نہیں ہوتی۔

دوسرا یہ کہ پہلے کیس کی انکوائری ہوتی ہے پھر مقدمہ درج ہوتا ہے مگر اس کیس میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے کہ پہلے مقدمہ درج کیا گیا ہے اور گرفتاری بھی کر لی گئی مگر مقدمے کی انکوائری نہیں کی گئی۔ 15 نومبر کو علی الصبح ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ گرفتاری صرف سیاسی انتقام اور پی ڈی ایم کے جلسے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ ملک عبدالغفار ڈوگر کی طرف سے چوہدری طاہر ایڈووکیٹ، بلال بٹ ایڈووکیٹ، چوہدری خلیل الرحمن ایڈووکیٹ، اکرم بھٹی ایڈووکیٹ، عمر حیات ایڈووکیٹ، عمران رشید سلہری ایڈووکیٹ ودیگر وکلا بڑی تعداد میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملک عبدالغفار ڈوگر کے وکلا کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے  ملک عبدالغفار ڈوگر کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی جنہوں نے ملک عبدالغفار ڈوگر کا رہائی پر پرجوش استقبال کیا۔
خبر کا کوڈ : 898196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش